ایک نیوز: 1971ء کی پاک بھارت جنگ تاریخ میں ایک سیاہ باب کی حیثیت رکھتی ہے۔ خطے میں ہمیشہ سے دہشتگردی کو پھیلانے اور دہشتگرد تنظیم کی پشت پناہی میں بھارتی کردار کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔
1971ء میں بھارت نے مکتی باہنی جیسی دہشتگرد تنظیم کو محب وطن پاکستانیوں کے خلاف حملوں میں استعمال کیا۔ دہشتگرد مکتی باہنی نے نہتے معصوم لوگوں خصوصاً بہاری کمیونٹی کے محب وطن پاکستانیوں پر وہ مظالم ڈھائے جس کی مثال نہیں ملتی۔
بہاری کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے سپاہی(ریٹائرڈ) عمر فاروق بھی ان متاثرہ پاکستانیوں میں سے ہیں۔ جنہوں نے پاکستان کی عزت و عظمت کیلئے اپنا سب کچھ قربان کردیا۔
سپاہی(ریٹائرڈ) عمر فاروق اپنی آب بیتی سناتے ہوئے کہتے ہیں کہ: ”مارچ 1971 میں، میں مشرقی پاکستان سول آرمڈ فورسز میں بھرتی ہوا، بنگالیوں نے صرف دو ماہ میں بہاری کمیونٹی کے تقریباً دو لاکھ ساٹھ ہزار جبکہ 1971 ء کی جنگ کے بعد تقریباً 7 لاکھ بہاریوں کو بے دردی سے شہید کیا“۔
انہوں نے کہا کہ 16دسمبر 1971ء کے بعد بہاریوں کے ساتھ انتہائی انسانیت سوز سلوک کیا گیا اور بعد میں بین الاقوامی میڈیا پربھارت نے یہ پروپیگنڈہ کیا کہ ”پاکستانی فوج نے بنگالیوں کی نسل کشی کی، خواتین کی عصمت دری کی، یہ سب جھوٹ ہے“۔ ”ہمارے ہی لوگوں کو اٹھا کر شہید کیا گیا، ہماری بہن بیٹیوں کی عصمت دری کی گئی اور فوٹیج بنا کر یہ ثابت کرنے کی کوشش کی گئی کہ یہ سب کچھ پاکستانی فوج نے کیا ہے“۔ ”ہم بہاری وطن کی محبت سے سرشار رہے ہیں اور اسی محبت میں ہم جنگ کے دوران دشمن سے برسرپیکار رہے اور مقابلہ کرتے رہے ہیں“۔