ایک نیوز: ایون فیلڈ ریفرنس میں بریت کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی سیاسی سرگرمیوں میں تیزی،قائد مسلم لیگ ن آج پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں اہم اجلاسوں میں شریک ہوں گے۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دوپہر 1 بجے صوبہ خیبرپختونخوا سے تعلق رکھنے والے امیدواروں کا اجلاس ہو گا،اجلاس میں صوبہ خیبرپختونخوا میں پارٹی کی انتخابی سرگرمیوں، جلسے اور انتخابی مہم بارے تفصیلی تبادلہ خیال ہو گا،اجلاس میں مریم نواز بھی شریک ہونگی۔
پارٹی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن خیبرپختونخوا کے یوتھ ونگ کے عہدیداروں کا بھی آج اجلاس ہو گا،اجلاس میں نوجوانوں کی انتخابی مہم میں بھرپور شرکت کے حوالے سے عہدیداروں کو ٹاسک دئیے جائیں گے،اجلاس میں شرکت کے لئے صوبہ خیبرپختونخوا کے عہدیداروں اور پارٹی امیدواروں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے۔