ویب ڈیسک:غزہ میں ڈائیریا اور سانس کے انفیکشنز کے1لاکھ سے زائد کیسز رپورٹ ہوچکے۔ غزہ میں تیزی سے بیماریاں پھیل رہی ہیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنیوا میں ڈبلیو ایچ او کی ترجمان مارگریٹ ہیرس نے غزہ کی صورتحال پر بریفنگ میں کہا کہ اگر غزہ پٹی میں صحت اور صفائی کا نظام بحال نہ ہوا تو غزہ کے لوگ بم سے زیادہ بیماریوں سے مرسکتے ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ 7 اکتوبر کے بعد سے غزہ میں اسرائیلی حملے جاری ہیں جس کی وجہ سے انفرا اسٹرکچر سمیت تمام تر نظام تباہ ہو کر رہ گیا ہے جب کہ اسپتالوں پر حملوں کی وجہ سے ایندھن سمیت دوسری طبی ضروریات کی قلت کا بدترین سامنا ہے۔
ڈبلیو ایچ او کی ترجمان کا کہنا تھا کہ صفائی کی ناقص صورتحال کی وجہ سے پیٹ کی خرابی جیسے دیگر انفیکشنز تیزی سے پھیل رہے ہیں اور بدقسمتی سے علاج کا نظام تباہ ہونے کے سبب زندگیاں بچانا بھی مشکل ہوگیا ہے۔