ایک نیوز نیوز: اسپیشل ایجوکیشن سینٹر دیپالپور میں 8 ویں جماعت کی نابینا طالبہ سے مبینہ زیادتی میں ملوث تین ملازمین کو محکمہ اسپیشل ایجوکیشن نے معطل کر دیا۔
ترجمان اسپیشل ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ کے مطابق ملزمان کو پیڈا ایکٹ کے تحت کارروائی کرتے ہوئے 90 دن کے لیے معطل کیا گیا، ملازمین میں میوزک ٹیچر محمد کامران خان، چوکیدار صفدر اور اٹینڈنٹ اللہ دتہ شامل ہیں۔
ڈائریکٹر جنرل اسپیشل ایجوکیشن کا کہنا ہے کہ واقعے میں ملوث ملزمان کے خلاف قانون کے مطابق محکمانہ کارروائی کی جا رہی ہے۔
اس کیس میں ڈی پی او فرقان بلال کی ہدایت پر گزشتہ روز 2 ملزمان کامران اور صفدر کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن سے تفتیش کی جا رہی ہے، جب کہ تھانہ سٹی دیپالپور میں لڑکی کے والد کی مدعیت میں ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
مقدمے کے متن میں لکھا گیا ہے کہ ملزمان نابینا طالبہ کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دے کر خاموش رہنے کا کہتے رہے۔ متاثرہ نابینا طالبہ کے والد نے وزیر اعلیٰ پنجاب سے نوٹس لینے کا بھی مطالبہ کیا۔