فرح گوگی نے نجی چینل کے خلاف بڑاقدم اُٹھا لیا

Nov 30, 2022 | 16:52 PM

JAWAD MALIK

ایک نیوز نیوز: فرح گوگی نے توشہ خانہ گھڑیوں کی فروخت کے معاملے میں پیمرا سے جیونیوز کے پروگرام کیخلاف  کارروائی کا مطالبہ کردیا۔

تفصیلات کے مطابق فرحت شہزادی عرف فرح گوگی نے توشہ خانہ گھڑیوں کی فروخت کے معاملے میں جیونیوز کے پروگرام کے خلاف ’بے بنیاد‘ الزامات لگانے پر کارروائی کے لیے پاکستان الیکٹرانک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) کو شکایت درج کرائی۔

شکایت فرحت شہزادی کے وکیل اظہر صدیق کی جانب سے دائر کی گئی، درخواست میں کہا گیا کہ فرحت شہزادی دبئی گئیں نہ کبھی عمر فاروق سے ملاقات ہوئی، جیو نیوزکے پروگرام میں بے بنیاد الزامات لگاکرساکھ کو نقصان پہنچایاگیا۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ شاہ زیب خانزادہ اور عمر فاروق نے ہمارے موکل کے خلاف جھوٹی اور من گھڑت سٹوری چلائی۔جیو ٹی وی نے اس تمام بے بنیاد مواد کو نشر کیا جو کہ پیمرا  قوانین کی خلاف ورزی ہے۔اس درخواست میں ہم نے ثبوت لف کیےہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ ان کی جانب سے کی جانیوالی سٹوری جھوٹی اور من گھڑت ہے۔پیمرا جیو ٹی وی اور اینکر کے خلاف قانونی کاروائی کرے۔

یاد رہے جیو نیوز کے پروگرام میں عمر فاروق ظہور، جن کے پاس مبینہ طور پر وزیر اعظم کی طرف سے فروخت کی جانے والی لگژری گھڑی ہے نے دعویٰ کیا تھا کہ فرح نے انہیں اپریل 2019 میں دبئی میں 330 ملین روپے میں گھڑی فروخت کی تھی۔

عمر نے دعویٰ کیا تھا کہ خاتون اول کے ایک قریبی دوست نے اسے براہ راست گھڑی فروخت کی۔

یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ فرحت شہزادی نے منگل کو عمر فاروق ظہور، صحافی شاہ زیب خانزادہ اور جیو ٹی وی کو 5 ارب روپے کا ہتک عزت کا نوٹس بھجوایا تھا۔

اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے ذریعے 5 ارب روپے کے ہتک عزت کے نوٹس میں کہا گیا تھا کہ فرحت شہزادی کو بدنام کرنے پر فاروق، جیو ٹی وی اور شاہ زیب خانزادہ کے خلاف فوجداری مقدمات بھی دائر کیے جائیں گے۔

فرحت شہزادی کا کہنا تھا کہ کہ الزامات کا مقصد صرف انہیں بدنام کرنا اور عمران خان کو متنازع بنانا ہے۔

نوٹس میں عمر فاروق، جیو ٹی وی اور شاہ زیب خانزادہ سے سات دن میں معافی مانگنے یا ہتک عزت کے مقدمے کا سامنا کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔

مزیدخبریں