لاہور: بڑی خوشخبری، پرویز الہیٰ نے صحافی کالونی فیز 2 کا اعلان کردیا

Nov 30, 2022 | 16:45 PM

muhammad zeeshan

ایک نیوز نیوز: وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی کی زیر صدارت پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن بورڈ کا اجلاس ہوا۔ پرویز الٰہی  نے لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم فیز 2کا اعلان کردیا۔ لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم فیز 2کیلئے تحصیل کینٹ میں اراضی دی جائے گی۔ آشیانہ ہاؤسنگ سکیم میں 500کینال لاہور پریس کلب ہاؤسنگ سکیم فیز2کیلئے مختص ہوں گے۔ 

لاہورپریس کلب ہاؤسنگ سکیم فیز 2میں 5،5مرلے کے پلاٹ دیئے جائیں گے۔ اس کے علاوہ لاہورپریس کلب  بی بلاک میں غیر قانونی طورپر 15پلاٹوں کی الاٹمنٹ منسوخ کردی گئی ہے۔ 

چودھری پرویز الہیٰ کا کہنا ہے کہ  بی بلاک کے 15پلاٹ حقداروں کو شفاف طریقے سے دیئے جائیں گے۔ انہوں نے  پولیس حکام کو ہدایت کی کہ پریس کلب ہاؤسنگ سکیم بی بلاک میں ناجائز قابضین سے قبضے واگزار کرائے جائیں۔
وزیراعلیٰ نے بی بلاک کے متنازع امورطے کرنے کیلئے رپورٹ بھی طلب کرلی ہے۔چودھری پرویزالٰہی کا کہنا تھا کہ بی بلاک کے متاثرین کو ان کا حق دلایا جائے گا۔

دوسری جانب  فیصل آبادپریس کلب ہاؤسنگ سکیم کیلئے سفارشات بھی طلب کرلی گئی ہیں۔ تجویز کے مطابق فیصل آباد پریس کلب ہاؤسنگ سکیم میں پانچ،پانچ مرلے کے 468پلاٹ دیئے جائیں گے۔ 

اس کے علاوہ وزیراعلیٰ پرویزالٰہی نے پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن کا 35کروڑ سو د بھی معاف کردیا ہے۔ واضح رہے کہ پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کو واجبات کی مد میں 35کروڑ روپے اداکرنے تھے۔

ادھر وزیراعلیٰ چودھری پرویز الٰہی نے راولپنڈی پریس کلب ہاؤسنگ سکیم کیلئے اضافی پلاٹس کی منظوری بھی دے دی ہے۔  راولپنڈی پریس کلب ہاؤسنگ سکیم کو 121کینال اراضی دینے کا اصولی فیصلہ کرلیا گیا۔ 

چودھری پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ  پنجاب کے دیگر اضلاع میں بھی بتدریج جرنلسٹ ہاؤسنگ سکیم لائیں گے۔ 18سال قبل سب سے پہلے جرنلسٹ بھائیوں کیلئے ہاؤسنگ سکیم قائم کی۔لاہور،راولپنڈی اورملتان میں صحافیوں کو سینکڑوں پلاٹ دیئے گئے۔ صحافیوں کیلئے اپنے گھر کا خواب پوراکریں گے۔

واضح رہے کہ  پنجاب جرنلسٹ ہاؤسنگ فاؤنڈیشن بورڈ  کے اجلاس میں پریس سیکرٹری وزیراعلیٰ چودھری محمد اقبال، صدر نیشنل پریس کلب اسلام آباد انور رضا، صدر لاہور پریس کلب محمد اعظم چودھری، صدر راولپنڈی پریس کلب کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی رانا محمد طاہر،پی ایف یو جے کے جنرل سیکرٹری رانا محمد عظیم، ایم ڈی پی جے ایچ ایف راؤ پرویز اختر اور متعلقہ حکام  نے شرکت کی۔

اس کے علاوہ   ارکان پنجاب اسمبلی ساجد احمد خان، منان خان، زینب عمر، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، سیکرٹریز خزانہ، اطلاعات، جنگلات، سیکرٹری سیٹلمنٹ کمشنر بورڈ آف ریونیو، کمشنر لاہور ڈویژن، سی سی پی او لاہور، ڈپٹی کمشنر لاہور، ڈپٹی کمشنر راولپنڈی، ڈی جی ایل ڈی اے، ڈی جی ایف ڈی اے اورڈی جی پی آر  بھی اجلاس میں  شریک ہوئے۔

مزیدخبریں