ایک نیوز نیوز: مسلم لیگ ن نے پنجاب اسمبلی کی تحلیل کے معاملے پر اپنے اراکین اسمبلی کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کی ہدایت کردی ہے۔
پارٹی ذرائع کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی ممکنہ تحلیل کے معاملے پر ن لیگ سمیت پی ڈی ایم کی اتحادی جماعتیں صوبائی اسمبلی کی تحلیل روکنے کے لیے سرگرم ہوگئی ہیں۔ اسی سلسلے میں ن لیگ نے اپنے تمام اراکین پنجاب اسمبلی کو فوری طور پر لاہور پہنچنے کی ہدایت کردی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی اراکین کو پارٹی سے مکمل رابطے میں رہنے کی ہدایت کے ساتھ کہا گیا ہے کہ تمام اراکین پنجاب اسمبلی تاحکم ثانی صوبائی دارالحکومت ہی میں قیام کریں۔پارٹی کی اعلیٰ قیادت نے دیگر عہدے داروں کو اتحادی جماعتوں کے اراکین سے بھی رابطے میں رہنے کی ہدایت کی ہے۔
پارٹی قیادت نے متحدہ اپوزیشن سے تعلق رکھنے والے آزاد اراکین پنجاب اسمبلی کو بھی لاہور پہنچنے کی درخواست کر دی۔ اس سلسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ضرورت پڑی تو تمام اراکین کو کسی ایک ہوٹل میں اکٹھا رہنے کی ہدایت بھی کی جا سکتی ہے۔