ایک نیوز نیوز: پنجاب کا دارالحکومت لاہور ایک بار پھر دنیا کے آلودہ ترین شہروں کی فہرست میں پہلے نمبر آگیا۔
رپورٹ کے مطابق لاہور کا ایئر کوالٹی انڈیکس مسلسل خطرناک شکل اختیار کر رہا ہے، دنیا کے تمام ممالک میں ایئر کوالٹی کو مانیٹر کرنے والی ویب سائٹ آئی کیو ایئر ڈاٹ کام کے مطابق گزشتہ روز (29 نومبر) کو صبح 9 بجے ائیر کوالٹی انڈیکس 493 تھا، جو انتہائی خطرناک ہے، جس کے بعد رات 8 بجکر 30 منٹ پر ائیر کوالٹی انڈیکس 353 پر تھا۔
لاہور کے بیشتر علاقوں میں بھی ائیر کوالٹی انڈیکس انتہائی خطرناک رہے جن میں سی او آر پی آفس میں رات 8 بجے ائیر کوالٹی انڈیکس 565، سید مراطب علی روڈ میں 480، لاہور امریکن اسکول میں 479، چٹھہ پارک میں 460، وینس ہاؤسنگ سوسائٹی میں 447، بلاک کے میں 445۔ پاکستان انجینئرنگ سروس پرائیویٹ لمیٹڈ میں 413، ڈان بریڈ کوٹ لکھپت میں 401، بلاک اے جوہر ٹاؤن میں 397 اور کنال بینک ہاؤسنگ اسکیم میں 378 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔
اس کے علاوہ پاکستان کے شہر لاہور کے بعد بھارت کے شہر دہلی میں 227، ڈھاکا میں 230، پاکستان کے شہر کراچی میں 188 اور کرغزستان کے دارالحکومت بسکیک میں 176 ائیر کوالٹی انڈیکس ریکارڈ کیا گیا۔
اسموگ کی وجہ سے آنکھوں کے مسائل، الرجی اور آنکھوں میں جلن جیسے مسائل رپورٹ ہورہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران صوبے میں ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے ایک ہزار 521 صنعتی یونٹ کو سیل کردیا گیا ہے،1 ہزار 172 ایف آئی آر درج ہوئی اور 50 لاکھ روپے سے زائد جرمانے عائد کیے گئے، اس کے علاوہ صرف لاہور میں 348 صنعتی یونٹ کو سیل کیا گیا اور 2 کروڑ 26 لاکھ سے زائد جرمانے عائد کیے گئے۔8 لاکھ 50 ہزار معائنے کیے گئے اور 5 ہزار 755 دھواں چھوڑنے والی گاڑیوں کو قبضے میں لےلیا گیا جبکہ کچرا جلانے پر 29 مقدمات بھی درج کیے گئے ہیں۔