ایک نیوز: ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی وزیر اعظم شہباز شریف سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آ گئی۔
تفصیلات کےمطابق کنوینر ایم کیو ایم خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم وفد کی ملاقات اسلام آباد میں ہوئی ۔ایم کیو ایم وفد میں فاروق ستار ، مصطفیٰ کمال ،جاوید حنیف اور حفیظ الدین شامل تھے۔
ملاقات میں نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار ،رانا ثناءاللہ اور احد چیمہ بھی موجود تھے ۔
ذرائع کےمطابق ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم کے آگے مسائل کے انبار لگا دیے ، کے الیکٹرک نے اوور بلنگ اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے ذریعے شہریوں کی زندگی اجیرن کر رکھی ہے ، سرکاری نوکریوں میں کراچی کے نوجوانوں کو نظر انداز کیا جاتا ہے ، کراچی کے نوجوانوں کو آسان اقساط پر قرضے فراہم کیے جائیں ، ایم کیو ایم وفد نے وزیراعظم کو نیب قوانین میں ہونے والی ترامیم سے متعلق تحفظات سے آگاہ کیا۔
ذرائع کےمطابق ایم کیو ایم وفد نے بجٹ سے متعلق بھی اہم تجاویز پیش کیں ،کراچی سرکلر ریلوے اور کے فور منصوبے کو جلد از جلد مکمل کرنے کا مطالبہ کیا،وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی ایم کیو ایم وفد کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی ۔