ویب ڈیسک:شمالی کوریا نے کچرے سے بھرے تھیلے غباروں سے باندھ کر جنوبی کوریا میں گرا دیئے ۔
جنوبی کوریا میں سڑکوں پر کوڑا بکھرا دیکھ کر شہری پریشان ہوگئے، حکام نے بھی لوگوں کو سڑک پر بکھرے کچرے سے دور رہنے کی ہدایت کردی۔
انتظامیہ نے متاثرہ مقامات پر فوج اور کیمیائی اور بائیولوجیکل تفتیشی ٹیمیں بھی تعینات کردیں۔
شمالی کوریا کی جانب سے اس اقدام پر جنوبی کوریا نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدام عالمی قانون کی خلاف ورزی اور شہریوں کی سلامتی کو شدید خطرے کا سبب ہے، شمالی کوریا ایسی غیر انسانی اور گری ہوئی حرکتیں کرنا بند کرے۔
شمالی کوریا کا کہنا ہے یہ اقدام جنوبی کوریا کی کارروائیوں کے جواب میں کیا گیا ہے۔
جنوبی کوریا اکثر غباروں اور ڈرونز کے ذریعے پروپیگنڈا پمفلٹ، کھانے اور ادویات شمالی کوریا میں بھیجتا رہتا ہے۔