شاہ رخ کے مذہب کا احترام کرنے کامطلب یہ نہیں کہ مسلمان ہوجاؤں، گوری خان
ویب ڈیسک:بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اور ڈیزائنر گوری خان کی شادی کو 3 دہائیوں سے زائد کا عرصہ گزرچکا ہے لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ شاہ رخ کے مسلمان ہونے کی وجہ سے گوری کے والدین ابتدائی دنوں میں اس شادی کے خلاف تھے؟
ماضی میں بالی وڈ ڈائریکٹر کرن جوہر کے شو’ کافی ود کرن‘میں گوری خان بھی اپنی مذہب تبدیلی کے بارے میں گفتگو کرچکی ہیں جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تاحال بھی وائرل ہے۔
ویڈیو میں گوری خان کو ریتھک روشن کی سابقہ اہلیہ سوزین خان کے ساتھ کرن جوہر کے پروگرام میں دیکھا گیا۔
اس موقع پر ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے گوری خان کا کہنا تھا کہ آریان خان میں شاہ رخ اس قدر پائے جاتے ہیں کہ مجھے لگتا ہے کہ آریان خان شاہ رخ خان کے مذہب کو فولو کریں گے، وہ ہمیشہ یہی کہتا ہے کہ 'میں ایک مسلمان ہوں' اور جب وہ یہ بات میری امی کو بتاتاہے تو وہ تھوڑی افسردہ ہوجاتی ہیں اور سوال کرتی ہیں کہ اس کا کیا مطلب ہے؟ لیکن یہ سچ ہے۔
گوری خان نے کہا کہ شاہ رخ میرے مذہب کی توہین نہیں کریں گے کیونکہ ہماری زندگیوں میں ایک توازن قائم ہے، میں بھی شاہ رخ کے مذہب کا احترام کرتی ہوں لیکن اس کا مطلب یہ نہیں کہ میں مذہب تبدیل کرکے مسلمان ہو جاؤں گی، میں اس پر یقین نہیں رکھتی، ہر شخص انفرادی حیثیت رکھتا ہے ہر شخص کو ایک مذہب فولو کرنے کا حق ہے لہٰذا میرا خیال ہے کہ اس میں کوئی زبردستی نہیں ہونی چاہیے۔
اس سے قبل ایک انٹرویو میں شاہ رخ نے بھی کہا تھا، ’ہم نے کبھی ہندو مسلم پر بحث نہیں کی، میری بیوی ہندو ہے، میں مسلمان ہوں اور میرے بچے، جب وہ سکول جاتے ہیں تو یہ سیکھتے ہیں کہ مذہب کیا ہے، جب میری بیٹی چھوٹی تھی تو اس نے مجھ سے ایک بار پوچھا، 'پاپا، ہم کس مذہب سے تعلق رکھتے ہیں؟' میں نے اسے کہا کہ ہم انڈین ہیں،کوئی مذہب نہیں ہے لیکن ایسا بھی نہیں ہونا چاہیے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان نے گوری خان سے 1991 میں شادی کی تھی جوڑے کے تین بچے آریان، سہانا اور ابراہم ہیں۔