چینی صدر کا غزہ  کی صورتحال پر بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے کا مطالبہ

چینی صدر کا غزہ پر بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے کا مطالبہ
کیپشن: The demand of the Chinese President to convene an international peace conference on Gaza

ایک نیوز: چینی صدر نے غزہ کی صورتحال پر بین الاقوامی امن کانفرنس بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے   غزہ کیلئے مزید امداد کا اعلان کر دیا۔ 

تفصیلات کے مطابق  چینی صدر شی جن پنگ نے بیجنگ میں چین،عرب ریاستوں کے تعاون کے فورم کے افتتاحی سربراہی اجلاس کا آغاز کرتے ہوئےغزہ جنگ پر بین الاقوامی امن کانفرنس کا مطالبہ کیا ہے اور مزید 500 ملین یوآن انسانی امداد کا وعدہ بھی کیا ہے۔ 

چینی صدر  کا کہنا ہے کہ جنگ مصائب کا باعث بن رہی ہے، انصاف اپنا وجود نہیں کھو سکتا اوردو ریاستی حل کو متزلزل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے  مزید کہا کہ چین مکمل خود مختاری کے ساتھ ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کی بھرپور حمایت کرتا ہے اور فلسطینیوں کی اقوام متحدہ میں مکمل رکن ریاست بننے کی کوشش کی تائید کرتا ہے۔ 

مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے غزہ کی پٹی میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا ہے۔ یو اے  ای  کے صدرالشیخ محمد بن زاید نے کہا کہ غزہ پر اسرائیل کی جنگ کی وجہ سے خطے کو مشکل حالات کا سامنا ہے۔ بحرین کے فرمانروا نے  بھی   فلسطینی ریاست کو تسلیم کرنے کی کوششیں تیز کرنے پر زور دیا ہے۔