ایک نیوز :الخدمت فاؤنڈیشن نے پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے تعاون سے بلوچستان میں مزید 30 گھر وں کی چابیاں سیلاب متاثرہ خاندانوں کے حوالے کر دیں۔
جعفر آباد میں گھرمتاثرین کے حوالے کرنے کی سادہ مگر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار، ضمیر حیدر، سماجی شخصیت انجینئر عبد المجید بادانی، پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسو سی ایشن کے چئیرمین امانت علی تارڑ، فارن افیئرز ہیڈ محمود احمد بٹ، الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکرٹری جنرل قمر ابراہیم اور سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی سمیت مقامی ذمہ داران اور معززین علاقہ نے شرکت کی۔
الخدمت فاؤنڈیشن بلوچستان کے سیکر ٹری جنرل قمر ابراہیم کا کہنا تھا کہ گزشتہ سال آنے والے سیلاب میں جعفرآباد، بلوچستان کے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں سے ایک ہے جہاں کئی ماہ تک 4 سے 8 فٹ تک پانی کھڑا رہا اور جس کے باعث لوگوں کے گھر، فصلیں اور مال مویشی شدید متاثر ہوئے۔ اِس صورتحال کے پیش نظر الخدمت فاؤنڈیشن نے جہاں ریسکیو اور ریلیف کے حوالے سے خدمات جاری رکھیں، وہیں محفوظ مقامات پر تعمیر نو کے حوالے سے گھروں کی تعمیر سمیت دیگر منصوبہ جات پر کام کا آغازکیا گیا۔
قمر ابراہیم کا مزید کہنا تھا کہ جعفر آباد میں سماجی شخصیت انجینئر عبد المجید بادانی نے اس مقصد کے لیے 27 ایکٹر زمین عطیہ کی جس پر 175 سیلاب متاثرہ خاندانوں کےلیے گھروں، مسجد، پانی کے منصوبے اور کھیل کا میدان بنانے کا کام جاری ہے۔انہوں نے کہا کہ اِس علاقے میں زمین وڈیروں اور بڑے زمینداروں کے نام پر ہوتی ہے لیکن الخدمت فاؤنڈیشن نے سیلاب متاثرین کو دیے گئے گھروں کی زمین کے مالکانہ حقوق انہی خاندانوں کو دیے گئے ہیں۔ جس پر کمرہ، کچن اور غسل خانہ سمیت مال مویشی کے لیے شیلٹر بھی بنایا گیا ہے۔
پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن کے چیئرمین امانت علی تارڑ کا کہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن نے اپنی موثر خدمات کے باعث نا صرف پاکستان بلکہ بیرون ممالک میں بھی اثرات مرتب کیے ہیں۔ پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن ساؤتھ افریقہ میں موجود پاکستانیوں کی نمائندہ تنظیم ہے جو کسی بھی مصیبت کی گھڑی میں اپنے مصیبت زدہ بہن بھائیوں کی مدد کے لیے آگے بڑھتے ہیں۔ گزشتہ سال آئے سیلاب کے بعد پاکستان ساؤتھ افریقہ ایسوسی ایشن نے الخدمت کے تعاون سے ریسکیو اور ریلیف سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیا اور اب مرحلہ وار تعمیر نو کے کاموں میں بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں۔
فارن افیئرز ہیڈ محمود احمد بٹ کاکہنا تھا کہ جعفر آباد جیسے دور دراز علاقے تک پہنچنا اور متاثرین کی مدد کرنا الخدمت فاؤنڈیشن کا خاصہ ہے اور ہم سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیر کے سلسلے میں سروے سے لے کر چابیاں حوالگی تک تمام مراحل میں موثر حکمت عملی پر الخدمت کی مقامی، ریجنل اور مرکزی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔
مایہ ناز انٹرنیشنل کرکٹ امپائر علیم ڈار کا کہنا تھاکہ الخدمت فاؤنڈیشن کی ملک گیر خدمات کسی سے ڈھکی چھپی نہیں۔ الخدمت کی جانب سے سیلاب متاثرین کے لیے ’ خدا کی بستی‘ کا قیام عمدہ آئیڈیا ہے اور الخدمت فاؤنڈیشن کی سیلاب متاثرین کے یے خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو نیکی اور خیر کے کاموں میں اپنا بھر پور کردار ادا کرنا چاہیے۔ علیم ڈار نے خدا کی بستی میں بچوں کے لیے کھیل کے میدان بنانے اور کھیلوں کا سامان مہیا کرنے میں بھی مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔
الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے سینئر منیجر میڈیا ریلشنز شعیب ہاشمی کاکہنا تھا کہ الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان تعمیرِ وطن پروگرام کے تحت سیلاب متاثرہ علاقوں میں گھروں کی تعمیرومرمت کا منصوبہ کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ الخدمت نے متاثرہ علاقوں میں سروے کے بعد ترجیحاً بیوہ خواتین، معذور افراد، مزدور طبقہ اور چھوٹے زمینداروں کو شامل کیا گیا اور اب تک جعفرآباد میں 175گھروں پر محیط خدا کی بستی سمیت ملک بھر میں 1800 گھر مکمل کرکے سیلاب متاثرین کے حوالے کیے جا چکے ہیں جبکہ 4700 مکانات زیر تعمیر ہیں۔