ایک نیوز: بھارتی ریاست تامل ناڈو میں بھارتی فوج کے ایک اہلکار نے سرکاری رائفل سے خود کو گولی مار کر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کے مطابق خودکشی کا واقعہ تامل ناڈو کے فوجی ٹریننگ سینٹر میں پیش آیا۔ خود کشی کرنے والا نیم فوجی دستے سینٹرل ریزرو پولیس فورس میں کانسٹیبل تھا اور اپنے گھر سے دور ٹریننگ سینٹر میں تربیت حاصل کر رہا تھا۔
گولی کی آواز سن کر ساتھی اہلکار اور افسران جائے وقوعہ پر پہنچے تو کانسٹیبل کی لاش خون میں لت پت پڑی تھی اور اس میں زندگی کے کوئی آثار نہیں تھے۔ اہلکار کو قریبی ملٹری اسپتال لے جایا گیا جہاں موت کی تصدیق ہوگئی۔
لاش کے پاس سے رائفل اور گولیاں ملیں تاہم خودکشی نوٹ نہیں ملا۔ واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
کانسٹیبل کی شناخت 32 سالہ جگن کے نام سے ہوئی ہے۔ ضروری کارروائی کے بعد لاش آبائی علاقے روانہ کردی گئی۔
واضح رہے کہ بھارتی فوج میں پست ہمتی اور ذہنی دباؤ کے باعث خودکشی کے واقعات عام ہیں جب کہ فوجی اڈوں اور ٹریننگ سینٹرز میں آپسی جھگڑے بھی ہوتے رہتے ہیں۔ حال ہی میں اسی طرح کے ایک جھگڑے میں 4 اہلکار مارے گئے تھے۔