ثاقب نثار کے بیٹے کی جانب سے آڈیو لیکس تحقیقاتی کمیٹی کا قیام چیلنج

May 30, 2023 | 13:24 PM

ایک نیوز: سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب نے مبینہ آڈیو لیکس تحقیقاتی کمیٹی کا قیام عدالت میں چیلنج کردیا۔

اسپیکر قومی اسمبلی کی جانب سے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے تشکیل دی گئی کمیٹی اور اس کے نوٹس کے خلاف سابق چیف جسٹس سپریم کورٹ ثاقب نثار کے بیٹے نجم الثاقب نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ 2 مئی کو اسپیکر قومی اسمبلی نے مبینہ آڈیو لیکس کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کی۔ اسپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی غیر قانونی ہے، انہیں ایسا کرنے کا اختیار بھی نہیں  ہے۔ 25 مئی کو سیکرٹری اسمبلی کی جانب سے ایک نوٹس جاری کیا گیا، جس میں میرے والد کو ذاتی حیثیت میں کمیٹی کے روبرو پیش ہونے کا کہا گیا۔

نجم الثاقب کی جانب سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی کا اجلاس ہوئے بغیر ہی طلبی کا نوٹس بھیج دیا گیا۔ درخواست میں اسلام آباد ہائی کورٹ سے استدعا کی گئی ہے کہ اسپیکر کی تشکیل کردہ کمیٹی کو غیر قانونی قرار دیا جائے، آپریشنز کو بھی معطل کیا جائے اور اس درخواست پر فیصلہ ہونے تک کمیٹی کو سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف کسی بھی ایکشن سے روکا جائے۔

مزیدخبریں