ایک نیوز: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا کہ نئے قانون سے مائنس عمران اور پلس نواز فارمولا وجود میں آسکتا ہے، نواز شریف بھی آجائے تاکہ روز روز کی چِک چِک ختم ہو۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا کہ رات نیب کا نوٹس موصول ہوا ہے جس کا آج تحریری جواب دے رہا ہوں جبکہ میں یہ بتاچکا ہوں، القادر ٹرسٹ ایجنڈے کے وقت میں موجود نہیں تھا کیونکہ شہزاد اکبر سے میری کبھی بھی بات چیت نہیں رہی۔
انہوں نے کہا کہ کل ایک قانون نافذ العمل ہوا ہے جس سے مائنس عمران خان اور پلس نوازشریف فارمولا وجود میں آسکتا ہے۔
اپنے ٹویٹ میں شیخ رشید نے مزید کہا کہ نواز شریف بھی آجائے تاکہ روز روز کی چِک چِک ختم ہو، نواز شریف کی گاڑی چھوٹ چکی ہے، جب ڈالر 312 روپے کا ہوگا اور 18 لاکھ آٹے کے تھیلے رمضان میں غائب ہوں گے تو لوگوں کو سمجھانے کی ضرورت نہیں پڑے گی، 7 کروڑ نوجوانوں کی جیب میں موبائل فون ہیں، جو اپنا فیصلہ خود کرنے کا شعور رکھتے ہیں جنہیں بے وقوف نہیں بنایا جاسکتا۔
عوامی مسلم لیگ کے سربراہ کا کہنا تھا کہ میرے سمیت ساری قوم 9 مئی کے واقعات کی مذمت کرتی ہے لیکن 13 پارٹیوں کا ٹولا اسے اپنا سیاسی بیانہ نہ بنائے، ایک ماہ سے دنیا میں ہماری جگ ہنسائی ہورہی ہے اور ہمارے گندے کپڑے میڈیا پر دھوئے جارہے ہیں، سپریم کورٹ کہتی ہے کہ چند لوگوں کے لیے قانون سازی نہیں ہوسکتی، دیکھیں یکم جون کو سپریم کورٹ کیا فیصلہ کرتی ہے۔