ایک نیوز: نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں کپاس کی بوائی و پیداوار بڑھانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں محسن نقوی نے صوبہ بھر میں جعلی زرعی ادویات کے سدباب کے لئے کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔
تفصیلات کے مطابق نگران وزیراعلیٰ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پولیس اور متعلقہ محکمے جعلی ادویات تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کریں۔ کاشتکار کے استحصال کی اجازت نہیں دیں گے۔
کپاس کے کاشتکاروں کو امدادی نرخ پرزرعی ادویات کی فراہمی کی تجویز پر بھی اتفاق کرلیا گیا۔ اجلاس میں پنجاب بینک کے”شاندار کپاس پروگرام“ کے تحت کاشتکاروں کو آسان شرائط پر قرض دینے کی تجویز کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے محسن نقوی کو بتایا گیا ہے کہ کاٹن کراپ مینجمنٹ کیلئے ایگریکلچر انٹرن شپ پروگرام شروع کیا جارہا ہے۔ ینگ ایگریکلچرگریجوایٹس کے ذریعے کاٹن کراپ مینجمنٹ ایڈوائزری سروس شروع کی جائے گی۔ ملتان میں انٹرنیشنل کاٹن کانفرنس منعقدہوگی۔
کمشنر نے بریفنگ میں بتایا کہ بہاولپور میں 208400ایکڑ رقبے پر کپاس کی ریکارڈ بوائی مکمل ہوچکی ہے۔ اپٹما نے گزشتہ برس کی نسبت رواں برس زیادہ رقبے پر کپاس کی بوائی پر نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی اوران کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اچھی فصل کیلئے ڈی اے پی،فاسفیڈ اوریوریا کھادوں کا استعمال ضروری ہے۔
سیکرٹری زراعت، سیکرٹری آبپاشی، سیکرٹری خزانہ، اپٹما کے عہدیدار فواد مختار، انوار غنی، کمشنر لاہور ڈویژن، چیئرمین پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ، محکمہ زراعت کے حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔
ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، فیصل آباد، سرگودھا، ساہیوال کے کمشنرز اور وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد نے ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کی۔