ایک نیوز: آئی ایم ایف کے مشن چیف پاکستان نیتھن پورٹر نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ آئی ایم ایف حکام پاکستانی حکام سے رابطے میں ہے، اس سال جون میں بورڈ اجلاس کےلئے کوشش کر رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مشن چیف نے کہا کہ پاکستانی حکام سے بات چیت میں مالی سال 2024 کے بجٹ پر توجہ رکھی جائے گی۔ پاکستانی حکام سے بات چیت زرمبادلہ کے ذخائر بڑھانے اور مارکیٹ کے آزادانہ چلنے سے متعلق ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آئندہ مالی سال کا بجٹ آئی ایم ایف پروگرام اہداف کے مطابق ہوگا۔ پروگرام اہداف اور مناسب فنانسنگ کے انتظامات بھی بات چیت کاحصہ ہیں جبکہ ٹیکس وصولیوں کو بڑھانے اور سرکاری کمپنیوں کے نقصانات کو کم کرنا بہت اہم ہے۔ اس طرح کرنے سے حکومت کے پاس زیادہ مالی وسائل دستیاب ہوں گے۔
پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال سے متعلق ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کی موجودہ سیاسی پیش رفت سے آگاہ ہیں تاہم ہم مقامی سیاسی صورتحال پر رائے نہیں دیتے۔ ہم امید کرتے ہیں کہ آئین اور قانون کے مطابق پرامن حل جلد تلاش کر لیا جائے گا۔