نوازشریف کیلئے بری خبر، لاہور ہائیکورٹ سے ریلیف نہ مل سکا

May 30, 2023 | 10:36 AM

ایک نیوز: نواز شریف کیلئے بری خبر، لاہور ہائیکورٹ سے ریلیف نہ مل سکا۔

تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں نواز شریف کی بطور ن لیگ پارٹی صدر کی بحالی کیلئے دائر درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات کیساتھ سماعت ہوئی۔

جسٹس علی باقر نجفی نے درخواست پر سماعت کی۔ لاہور ہائیکورٹ نے نواز شریف کی پارٹی صدارت پر بحالی کی درخواست پر رجسٹرار آفس کے اعتراضات برقرار رکھنے ہوئے درخواست ناقابل سماعت قرار دے دی۔

خیال رہےکہ ہائی کورٹ میں  وکیل آفاق ایڈووکیٹ نے  درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ 2017 میں نواز  شریف کو  قومی اسمبلی سے  نااہل قرار  دیا گیا، 2018 میں عدالت نے انہیں پارٹی صدارت سے ہٹانے کا حکم دیا۔

درخواست میں کہا گیا کہ الیکشن کمیشن نے این اے 95 میانوالی سے عمران خان کوبھی نااہل قرار دیا مگر انہیں پارٹی سربراہی سے نہیں ہٹایا گیا۔

لاہور ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس نے درخواست پر اعتراض عائد کیا تھا کہ نواز شریف کوپارٹی عہدے سے سپریم کورٹ نے ہٹایا وہاں رجوع کیا جائے، لاہور ہائی کورٹ سپریم کورٹ کے ماتحت ہے یہاں سماعت نہیں ہوسکتی۔

مزیدخبریں