ورلڈکپ میں پاکستان کی شرکت، آئی سی سی چیف کو یقین دہانی درکار

May 30, 2023 | 10:35 AM

Hasan Moavia

 ایک نیوز: آئی سی سی چیئرمین کے دورہ پاکستان میں ورلڈکپ کا معاملہ سرفہرست ہوگا جب کہ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں بھی پی سی بی اپنا بھرپور موقف پیش کرے گا۔

رپورٹ کے مطابق آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے اورچیف ایگزیکٹیو جیف ایلر ڈائس لاہور پہنچ گئے ہیں، دونوں اعلیٰ عہدیداروں کی بی سی بی کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی اور دیگر حکام سے ملاقاتوں میں مختلف معاملات میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔ جس میں سب سے بڑا مسئلہ پاکستان ٹیم کی بھارت میں ہونے والے ورلڈکپ میں شرکت ہے۔

نجم سیٹھی کی جانب سے بار بار یہ موقف دہرایا گیا ہے کہ بھارتی ٹیم نے ہائبرڈ ماڈل کو تسلیم کرتے ہوئے ایشیا کپ میں شرکت نہ کی تو پاکستان حکومت بھی اپنی ٹیم کو ورلڈکپ میں شرکت کی اجازت دینے سے انکار کرسکتی ہے۔ ایشیا کپ کا کوئی فیصلہ ہوا نہ ہی ابھی ورلڈکپ کا معاملہ سردست زیر غور لانے کی ضرورت پڑی۔ایشیا کپ کے معاملات ایشین کرکٹ کونسل کی صوابدید ہیں لیکن موجودہ صورتحال میں ان کو الگ کرکے نہیں دیکھا جاسکتا۔

  آئی سی سی کے چیئرمین اورچیف ایگزیکٹیو کی بی سی بی حکام سے ملاقاتوں میں دونوں ایونٹس کے معاملات پر غور ہوگا۔ بھارتی ہٹ دھرمی کی وجہ سے پیدا ہونے والی صورتحال میں پاکستان دونوں بڑوں کے سامنے اپنا بھرپور موقف پیش کرے گا۔

آئی سی سی کے جنرل منیجر وسیم خان کا کہنا ہے کہ چیئرمین اور چیف ایگزیکٹیو کی کئی معاملات میں پی سی بی حکام سے بات چیت ہوگی۔ ورلڈکپ کے حوالے سے دونوں ملکوں اور آئی سی سی کے اعلیٰ عہدیداروں نے ہی کسی نتیجے تک پہنچنا ہے۔

مزیدخبریں