ایک نیوز:قومی کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف پر پاکستان ویمنز کپ میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا20 فیصد جرمانہ عائدد کردیا گیا۔
تفصیلات کےمطابق پاکستان کی خاتون بیٹر بسمہ معروف پر پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر میچ فیس کا بیس فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے۔ بسمہ معروف پی سی بی کے ضابطہ اخلاق کے لیول ون کے آرٹیکل 2.8 کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی گئی ہیں۔
انہوں نے پاکستان ویمنز کپ میں ڈائنا مائٹس کی طرف سے کھیلتے ہوئے بلاسٹرز کے خلاف میچ میں امپائر کے فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔ یہ واقعہ چالیسویں اوور میں پیش آیا تھا جب بسمہ معروف کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ دیا گیا۔
میچ امپائرز آل حیدر اور صباحت رشید نے اس کی رپورٹ دی۔ بسمہ معروف نے میچ ریفری محمد انیس کا فیصلہ تسلیم کرلیا۔