ایک نیوز: کراچی میں گزشتہ پانچ روز کے دوران دماغ خور جرثومے نگلیریا نے خاتون سمیت تین افراد کی جان لے لی۔
محکمہ صحت سندھ کاکہناہےکہ کراچی میں گزشتہ پانچ روز کے دوران نگلیریا سے تین اموات رپورٹ ہوئی ہیں، قیوم آباد کی 32 سالہ گلشن نامی خاتون 24 مئی کو جان سے گئی، 26 مئی کو سرجانی کا رہائشی 45 سالہ محمد آصف اور صدر کا رہائشی 19 سالہ ظاہر شاہ 28 مئی کو چل بسا۔
ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز کراچی ڈاکٹر عبدالحمید جمانی کے مطابق رواں برس نیگلیریا سے اب تک تین اموات ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ سال دماغ خور جرثومہ پانچ افراد کی جان لے چکا ہے۔
ڈی جی ہیلتھ سروسز نے کہا کہ نیگلیریا کی علامات میں سر درد، بخار، متلی، الٹی، گردن میں اکڑن، تبدیل شدہ ذہنی کیفیت اور دورے پڑنا شامل ہیں۔ جان لیوا جرثومے نگلیریا سے بچاؤ کیلئے شہری پانی کے ٹینکس میں کلورین ملائیں۔