ایک نیوز:وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے6 ججز کے خط کے معاملے پر انکوائری کمیشن کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق سابق چیف جسٹس پاکستان تصدق حسین جیلانی انکوائری کمیشن کے سربراہ ہوں گے، جس کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ انکوائری کمیشن اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے الزامات کی انکوائری کرے گا۔
ذرائع کے مطابق وزیر اعظم اور چیف جسٹس پاکستان کے درمیان ملاقات میں انکوائری کمیشن کی تشکیل پر اتفاق ہوا تھا۔
ٹی۔او۔آرز کے مطابق انکوائری کمیشن معزز جج صاحبان کے خط میں عائد کردہ الزامات کی مکمل چھان بین کرے گا اور تعین کرے گا کہ یہ الزامات درست ہیں یا نہیں۔
انکوائری کمیشن تعین کرے گا کہ کوئی اہلکار براہ راست مداخلت میں ملوث تھا؟ کمیشن اپنی تحقیق میں سامنے آنے والے حقائق کی بنیاد پر کسی ایجنسی، محکمے یا حکومتی ادارے کے خلاف کارروائی تجویز کرے گا۔
کمیشن کو یہ بھی اختیار ہوگا کہ وہ انکوائری کے دوران ضروری سمجھے تو کسی اور معاملے کی بھی جانچ کرسکے گا۔