اعلیٰ عدلیہ سے متعلق بل صدر مملکت کے پاس پہنچ گیا

Mar 30, 2023 | 19:59 PM

ایک نیوز :اعلی عدلیہ سے متعلق سپریم کورٹ پریکٹس اور پروسیجر بل 2023 صدر عارف علوی کو بھجوا دیا گیا ۔
تفصیلات کےمطابق چیئر مین سینیٹ نے اعلی عدلیہ سے متعلق سپریم کورٹ پریکٹس اور پروسیجر بل 2023 صدر عارف علوی کو بھجوا دیا ۔جبکہ وزیراعظم شہباز شریف نے سپریم کورٹ کے سینئر ترین جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں عدالت عظمیٰ کے فیصلے کے خلاف کیوریٹیو ریویو ریفرنس اور دیگر متفرق درخواستیں واپس لینے کی ایڈوائس صدر ڈاکٹر عارف علوی کو بھجوا دی۔
 ترجمان مسلم لیگ ن اور وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے بتایا کہ  وزیر اعظم نے صدر کو بھجوائی جانے والی ایڈوائس پر افطاری سے پہلے دستخط کئے۔صدر کو بھجوائی جانیوالی ایڈوائس میں کہا گیا کہ آئین کے آرٹیکل 48 (1) اور وفاقی کابینہ کے فیصلے کے مطابق صدر کو ایڈوائس کی جاتی ہے کہ وہ کیوریٹیو ریویو ریفرنس اورنظرثانی کی متفرق سول اپیلیں واپس لیں،  پی ٹی آئی حکومت نے سپریم کورٹ کے 26 اپریل 2021 کے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کیس میں فیصلے کے خلاف کیوریٹیو ریویو اور نظرثانی کی متفرق سول درخواستیں دائر کی تھیں ۔

عدالتی اصلاحات سے متعلق بل کی منظوری آج سینیٹ اجلاس میں دی گئی تھی، بل کے حق میں 60 اور مخالفت میں 19 ووٹ آئے تھے۔صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے دستخط کے بعد بل باقاعدہ ایکٹ آف پارلیمنٹ بن جائے گا۔

مزیدخبریں