ایک نیوز: اسلام آباد کی مقامی عدالت نے حسان نیازی کی ضمانت منظور ہونے پر نظرثانی اپیل پر سماعت4 اپریل تک ملتوی کردی اورتفتیشی افسر کو حسان نیازی کے والدسے نوٹس کی تعمیل کرانے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کی مقامی عدالت میں پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کی ضمانت منظور ہونے پر نظرثانی اپیل پر سماعت ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان کی عدالت میں عدالتی بیلف اور تفتیشی افسر پیش ہوئے۔
جج نے استفسار کیا کہ کیا نوٹس کی تعمیل کرائی؟عدالتی بیلف نے بتایا کہ حسان نیازی کے گھر کوئی موجود نہیں تھا۔
ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان نے ریمارکس دیئے کہ فیملی کے کسی اور فرد سے بھی نوٹس کی تعمیل کرائی جاسکتی ہے۔
ایڈیشنل سیشن جج سکندر خان نے ریمارکس دیتے ہوئےکہا کہ اگر حسان نیازی کے گھر گئے اور تالہ لگا تھا تو رپورٹ میں ہی ذکر کر دیتے۔ جج نے تفتیشی افسر کو ہدایت کی کہ حسان نیازی کے والدسے نوٹس کی تعمیل کرائیں، عدالت نے سماعت 4 اپریل تک ملتوی کردی۔