چیف جسٹس پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں: پرویز الہی

Mar 30, 2023 | 14:35 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: پرویز الہی کا کہنا ہے کہ  چیف جسٹس صرف وکلاء ہی نہیں پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں۔

رپورٹ کے مطابق  سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سے سابق وفاقی و صوبائی وزرا ءاور ارکان پنجاب اسمبلی  سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں ریاض فتیانہ، سردار نصر اللہ دریشک، غلام بی بی بھروانہ، میاں جلیل احمد شرقپوری، میاں عمران مسعود اور سابق تحصیل ناظم سجاد حیدر چیمہ شامل تھے۔

سابق وزیراعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر  تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی کاکہنا ہے کہ   چیف جسٹس کے اختیارات محدود کرنے کیلئے اسمبلی میں کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔ شہباز شریف عدلیہ اور پارلیمنٹ میں تصادم چاہتے ہیں۔  اپوزیشن کے بغیر کی گئی قانون سازی کی کوئی حیثیت نہیں ہوتی ہے۔ مریم نواز اور رانا ثناء اللہ کے بعد شہبازشریف نے بھی کھل کر عدلیہ مخالف جذبات کا اظہار کیا ہے اور سب نواز شریف کے اشارے پر ہو رہا ہے۔

پرویز الہی کا کہنا ہے کہ عدالتی اصلاحات سپریم کورٹ پر دباؤ ڈالنے کی ناکام کوشش ہے۔ یہ اجلاس جمہوریت پر شب خون مارنے کیلئے بلایا گیا ہے۔  آئین نے ہر ادارے کے اختیارات طے کر رکھے ہیں، شہباز شریف اپنی مرضی کا قانون لانا چاہتےہیں۔ اداروں کی خود مختاری کی وجہ سے پاکستان میں جمہوریت قائم ہے۔ چیف جسٹس صرف وکلاء ہی نہیں پوری قوم کی ریڈ لائن ہیں، قوم عدلیہ کی آزادی پر کوئی قدغن برداشت نہیں کرے گی۔  حکومت اپنے غیر آئینی قواعد و ضوابط سپریم کورٹ پر مسلط نہیں کر سکتی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ شہبازشریف کی آٹا شعبدہ بازی اب تک متعدد غریبوں کی جان لے چکی ہے۔ آٹے کیلئے جس قدر اموات ہو رہی ہیں اور لوگ زخمی ہو رہے ہیں اس پر نگران حکومت کو مشورہ ہے کہ رورل ہیلتھ سنٹرز میں آٹا پوائنٹس بنا لئے جائیں تاکہ وہاں کوئی زخمی ہو جائے تو اس کا فوری علاج تو ہو سکے۔ شہبازشریف نے صحت کے شعبے میں کوئی کام کیا نہیں ہم نے رورل ہیلتھ سنٹرز کی سطح پر صحت کی سہولتوں کیلئے اقدامات کئے۔ ہم نے ہسپتالوں میں تمام ٹیسٹ ایکسرے، الٹراساؤنڈ اور ادویات فری کی تھیں، شہباز شریف اپنے دماغ کا الٹراساؤنڈ بھی وہیں سے کروائیں ایک توفری ہے دوسرا شاید آٹے کے حصول کیلئے آئی ہوئی غریب عوام کی آواز ان تک پہنچے، شہبازشریف کے دماغی الٹراساؤنڈ کے بعد ہو سکتا ہے کہ ان کی کسی اچھے کام کی طرف رغبت ہو جائے۔

مزیدخبریں