ایک نیوز: وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل سینیٹ میں پیش کر دیا، تحریک انصاف کے سینیٹرز نے بل کی مخالفت کر دی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی زیر صدارت سینیٹ کا اجلاس شروع ہوا، وفاقی وزیر قانون اور رہنما مسلم لیگ ن اعظم نذیر تارڑ نے سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل پیش کرنے کی تحریک جمع کرائی۔تحریک انصاف کے سینیٹرز نے بل کے خلاف نعرے لگاتے ہوئے شدید مخالفت کی، پی ٹی آئی سینیٹر علی ظفر اور قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم نے بل پر اپنا موقف پیش کرنے کی کوشش کی تاہم چیئرمین سینیٹ نے انہیں بات کرنے سے روک دیا۔
چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ وقفہ سوالات پہلے مکمل ہو جانے دیں، میں بل اس وقت تک زیر غور نہیں لاؤں گا جب تک آپ بل پر بات نہ کر لیں۔
قبل ازیں سینیٹ میں تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔سینیٹر فیصل جاوید نے کہا ہے کہ پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا ہے کہ سینیٹ میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی مخالفت کریں گے،ہماری ڈیمانڈ ہے کہ بل کو کمیٹی میں بھیجا جائے۔