ایک نیوز: لاہور ہائیکورٹ نے پی ٹی آئی کارکن اظہر مشوانی کو بازیاب کرکے پیش کرنے کا حکم دیدیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق عدالت نے پیر کے روز اظہر مشوانی کو عدالت کے روبرو پیش کرنے کاحکم دیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ میں پی ٹی آئی کارکن اظہر مشوانی کی بازیابی کیلئے درخواست پر سماعت ہوئی جس میں جسٹس عالیہ نیلم نے اظہر مشوانی کے بھائی مظہر الحسن کی درخواست پر سماعت کی ۔عدالت نے اظہر مشوانی پر درج مقدمات کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ہے۔
واضح رہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کے سوشل میڈیا فوکل پرسن اظہر مشوانی کی بازیابی کے لیے لاہور ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی۔لاہور ہائیکورٹ میں درخواست اظہر مشوانی کے بھائی نے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی وساطت سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں وفاقی و صوبائی حکومت اور پولیس کو فریق بنایا بنایا گیا تھا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ اظہر مشوانی پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم کے رکن ہیں۔ 23 مارچ کو اظہر مشوانی کو گھرکے باہر سے اغوا کیا گیا۔ اظہر مشوانی کے اغوا کا مقدمہ تھانہ گرین ٹاؤن میں درج کروایا گیا ۔
دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ چھ روز ہو گے لیکن پتہ نہیں کہ مظہر مشوانی کہاں ہے،غیر قانونی گرفتاری کر کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی جا رہی ہے،قانون کے مطابق گرفتاری کے 24 گھنٹے کے اندر ملزم کو عدالت میں پیش کرنا ہوتا ہے،لیکن ایسا نہیں کیا گیا۔درخواستگزار کی جانب سے ستدعا کی گئی ہےکہ عدالت اظہر مشوانی کیخلاف مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے اور اظہر مشوانی کو بازیاب کرانے کا حکم دے-