لاہور: چیئر پرسن قائمہ کمیٹی داخلہ و تحریک انصاف پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ سیاست اورحکومت سے کسی طرح کا تعلق نہ ہونے کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی جانب سے خاتون اول کی ذات پر کیچڑاچھالنا اورالزامات لگانا انتہائی قابل مذمت ہیں ، مسلم لیگ (ن) کی قیادت اوران کی ایماء پر گندی سیاست کرنے والے باز نہ آئے تو ان کا قانونی اور سیاسی محاسبہ کیا جائے گا ۔
اپنے ایک بیان میں انہوںنے کہا کہ خاتون اول غیر سیاسی خاتون ہیں اور انہوں نے کبھی پارٹی کی سیاست اور حکومتی امورمیں حصہ نہیں لیا لیکن اس کے باوجود مسلم لیگ (ن) کی خواتین اراکین اور رہنمائوں سے بیہودہ ٹوئٹس کرائے جاتے ہیں جو قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہا کہ خاتون اول کو قانون کے مطابق ہر طرح کا استحقاق اورمراعات حاصل ہیں لیکن انہوں نے کبھی بھی اس کا فائدہ نہیں اٹھایا ، وہ کبھی بھی وزیر اعظم کے ساتھ غیر ملکی دوروں کا حصہ نہیں بنیں ، انہو ںنے کبھی پاکستان کی سیاست میں حصہ نہیں لیا اور خود کو بالکل غیر سیاسی رکھاہوا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم نے کبھی شہباز شریف کی والدہ محترمہ سے متعلق بات نہیں کی تھی ، کیا ان کی والدہ اپنے بچوں کے لئے دعائیں نہیں کرتی تھیں ،ہم نے کبھی ان کی گھر کی خواتین جن کا سیاست سے کوئی تعلق نہیں ان کو زیر بحث نہیں لائے ۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں کنٹینر کے طعنے دیتے ہیں لیکن مریم صفدر کے شوہر نامدار کے مطابق ان کی اہلیہ کے پاس ایسی ویڈیوز ہیں جنہیں فلموں سے تشبیہ دی جارہی ہے ، وہ ان فلموں کو جس طرح کا نام دیتے ہیں شریف گھروںمیں اس کا ذکر بھی نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کے لوگوں کو واضح الفاظ میں تنبیہ کرتے ہیں کہ وہ لوگوں کی ذاتی اورنجی زندگی سے دور ہیں ورنہ آپ کا قانونی اور سیاسی محاسبہ کیا جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مریم نواز جس طرح کی توہم پرستی میں مبتلا ہیں ہم اس اکا ذکر نہیں کرنا چاہتے ،سٹیل کا گلاس کیوں پکڑا جاتا تھا اس کے بارے میں ہمارے پاس بھی بہت سی معلومات ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) کے پاس کوئی دلیل نہیں اس لئے یہ گالم گلوچ بریگیڈ ہے اور ہم انہیں ان کی باتوں کا حدود میں رہتے ہوئے جواب دیتے ہیں۔یہ خاتون اول پر جو الزام لگا رہے ہیں اگر ان کے پاس اس کے کوئی ثبوت ہیں تو سامنے لائیں ۔