ایف بی آر نے مالی سال 2023،24 کیلئے محصولات کا ہدف حاصل کرلیا 

ایف بی آر نے مالی سال 2023،24 کیلئے محصولات کا ہدف حاصل کرلیا 
کیپشن: FBR has achieved the revenue target for FY 2023-24

 ایک نیوز:فیڈرل بورڈ آف ریونیو  نے مالی سال 2023،24کیلئے محصولات کا ہدف باآسانی حاصل کرلیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ایف بی آر نے مالی سال2023،24 کے لئے محصولات کے ہدف 9ہزار 252 ارب روپے کے مقابلہ میں 9ہزار 306 ارب روپے جمع کئے، سالانہ ہدف سے 54 ارب روپے زائد جمع کئے گئے،گذشتہ مالی سال کے مقابلہ میں محصولات کی وصولی میں 30فیصد اضافہ ہواہے،پچھلے مالی سال کے 7ہزار 164 ارب روپے کے مقابلہ میں 2ہزر 142 ارب روپے زیادہ جمع کئے گئے۔ صرف جون 2024 کے دوران 1183 ارب روپے جمع کئے گئے ہیں۔ 

ذرائع ایف بی آر  کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم اور وزیر خزانہ کی براہ راست دلچسپی کی وجہ سے پاکستان کے ٹیکس سسٹم میں نمایاں سٹریکچرل بہتری دیکھنے میں آئی، پالیسی شفٹ کی وجہ سے مقامی وسائل کو متحرک کرنے پر زیادہ توجہ مبذول کی گئی،امیر اور باوسائل طبقہ پر براہ راست ٹیکس بڑھائے گئے،ریفنڈز جاری کرکے کاروبارکرنے والوں اور ایکسپورٹرز کو آسانیاں مہیا کی گئیں۔وزیر اعظم کی ہدایات کی روشنی میں مالی سال 2023،24 کے دوران 469 روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے،گذشتہ مالی سال میں 331 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کئے گئے تھے۔

موجودہ مالی سال کے دوران براہ راست ٹیکسز کا حصہ 47 فیصد رہا، ڈومیسٹک ٹیکسز کی مد میں 6ہزار128 ارب روپے اور درآمدی ٹیکسزکی مد میں 3ہزار 178 ارب روپے جمع کئے گئے، ڈومیسٹک ٹیکسز میں 37 فیصد اور درآمدی ٹیکسز میں 18 فیصد اضافہ ہوا۔ ریونیو کلیکشن میں ڈومیسٹک ٹیکسز کا حصہ 65 فیصد رہا،جو دو سال پہلے تک 50 فیصد سے بھی کم تھا،انکم ٹیکس کی مد میں 4ہزار 528 ارب روپے جمع کیےگئے،سیلز ٹیکس کی مد میں 3098 ارب روپے جمع کئے گئے،فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کی مد میں 576 ارب روپے جمع کئے گئے،کسٹمز ڈیوٹی کی مد میں 1ہزار104 ارب روپے کے محصولات جمع کئے گئے۔

ایف بی آر  پاکستان کی اقتصادی ترقی کا تعلق محصولات جمع کرنے کے اہداف کے ساتھ جڑا ہوا ہے، ایف بی آر کے افسران اور ملازمین تمام چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پرعزم ہیں،ٹیم ایف بی آر2024،25 کے لئے مقرر کردہ اہداف کو پورا کرنے کے لئے اپنی تما م لاحیتیں بروئے کار لائے گی۔