غریب کو حلق سے لیکر فلک تک مہنگائی نے زندہ دفن کر دیا:شیخ رشید

Jun 30, 2024 | 14:18 PM

ایک نیوز:سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ میں اپنی ذات کے لیے نہیں ساری قوم کو بتانا چاہتا ہوں ایک ٹائم کے لیے میرا چولہا جلتا ہے اور میرا گیس کا بل ایک لاکھ روپیہ آیا ہے اوربجلی کا بل ایک لاکھ 68 ہزار روپیہ آیا ہے،میرے محلے میں سات آٹھ ہزار روپیہ لوگوں کا بل آیا ہے، میں آج کی ویڈیو ذمہ داران کے لیے جاری کر رہا ہوں۔
  شیخ رشید نے اپنے ویڈیو بیان میں مزید کہا کہ یہ ایک اندھا انقلاب ہے ،کوئی ماں نہیں یہ چاہتی کہ اس کا بچہ بغیر ناشتے کے سکول جائے، لوگ بے بس ہو گئے ہیں ، غریب کو حلق سے لے کے فلک تک ان کو مہنگائی نے زندہ دفن کر دیا ہے، غریب لوگوں کے پاس قبر کھدائی کرنے کے پیسے نہیں ہیں ،میں خدا کو گواہ بنا کے کہتا ہوں ،میں ان لوگوں کو سلام پیش کرتا ہوں جنہوں نے قبرستان میں لکھ کے لگایا ہے جن کے پاس کفن دفن کے لیے پیسے نہیں ہیں تو ان موبائل نمبروں پر رابطہ کریں۔
  شیخ رشید نے مزید یہ کہا کہ گاڑی ہاتھ سے چھوٹ رہی ہے وقت کسی کا نہیں ہوتا اور یہ چور ڈاکو لٹیرے جو اپنے کیس ختم کرنے آئے تھے ان کو احساس نہیں کہ غریب کا چولہا بجھ رہا ہے، بجھ چکا ہے اور اس کے نتائج خوفناک ہوں گے، اب اس ملک میں فارم 45 اور 47 کی لڑائی نہیں رہی، غریب کے زندہ رہنے کی جستجو ہے، خدا اور رسول کا واسطہ دے کے کہتا ہوں کہ غریب کی مدد کریں اس کو مرنے سے بچائیں۔

مزیدخبریں