نمک کے ذرے سے بھی چھوٹے ہینڈ بیگ کی دنگ کر دینے والی قیمت

Jun 30, 2023 | 13:34 PM

Hasan Moavia

ایک نیوز: کیا آپ نمک کے ایک ذرے سے بھی چھوٹے ہینڈ بیگ کی قیمت کا اندازہ لگا سکتے ہیں؟
رپورٹ کے مطابق یہ مائیکرو اسکوپک ہینڈ بیگ ایم ایس سی ایچ ایف نامی امریکی آرٹ کلیکشن کمپنی نے تیار کیا ہے۔اس 0.03 انچ سےبھی چھوٹے ہینڈ بیگ کو جب انگلی پر رکھا جائے تو بھی انسانی آنکھ کے لیے اسے دیکھنا بہت مشکل ہوتا ہے لیکن پھر بھی یہ 60 ہزار ڈالرز سے بھی زیادہ قیمت پر نیلام ہوا ہے۔نیون گرین رنگ کا یہ ہینڈ بیگ 3 ڈی پرنٹر کی مدد سے تیار کیا گیا تھا۔

یہ بنیادی طور پر مشہور کمپنی لوئس ووٹن کے ایک ہینڈ بیگ کی نقل ہے جس پر کمپنی کا مشہور لوگو اور ڈیزائن بھی بنایا گیا ہے۔انسانی آنکھ کو تو یہ مشکل سے نظر آتا ہے تو اسے دیکھنے کے لیے مائیکرو اسکوپ کا استعمال کیا جاتا ہے۔اس پرس کو ایک آن لائن نیلامی میں فروخت کے لیے پیش کیا گیا تھا جہاں یہ 63 ہزار 750 ڈالرز میں نیلام ہوا۔

ایم ایس سی ایچ ایف کے عہدیدار کیون وائزنر نے بتایا کہ ہمیں یہ بیگ پرمزاح لگا کیونکہ اسے استعمال کرنا بہت مشکل ہے مگر پھر بھی یہ ایک زیور کے طور پر فروخت ہوا۔کمپنی نے مستقبل میں مزید ایسی مصنوعات بنانے کے حوالے سے کچھ بتانے سے گریز کیا۔

نیلامی کے موقع پر کمپنی نے اپنے بیان میں لکھا تھا کہ اب ہینڈ بیگز چھوٹے ہوتے جا رہے ہیں جن میں کچھ رکھنا مشکل ہوتا ہے تو یہ مائیکرو اسکوپک ہینڈ بیگ اسی رجحان کا نتیجہ ہے۔بیان کے مطابق یہ ایسا بیگ ہے جس کو استعمال کرنا ممکن نہیں مگر یہ مہنگا اور پرتعیش ضرور ہے۔

مزیدخبریں