بانی پی ٹی آئی  سیاسی مفادات کیلئے ادارے کو سیاست میں گھسیٹنا چاہتے ہیں، عطا تارڑ

Jul 30, 2024 | 20:11 PM

 ویب ڈیسک:وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی سیاسی مفادات کیلئے ادارے کو سیاست میں گھسیٹنا چاہتے ہیں، جیل سے اب نئی کہانی گھڑی گئی ہے، ان کو پتا ہے ان کا سوشل میڈیا سیل پکڑا گیا ہے جن کے تانے بانے باہر سے ملتے ہیں۔

پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیراطلاعات و نشریات عطا تارڑ نے کہا کہ  بانی پی ٹی آئی نے پہلے کہا تھا نیوٹرل تو جانور ہوتے ہیں، اب  ایک دم  ترلے ، منتیں شروع کی جا رہی ہیں، نئی فلم آئی ہے مجھ سے پلیز بات کرو۔

عطا تارڑ نے کہا کہ ان کا سوشل میڈیا قومی سلامتی اداروں کیلئے  منظم مہم چلاتا ہے، جب آپ کا دل کرتا ہے تو سائفر لہراتے ہیں اور آئی ایم ایف کو خط لکھتے ہیں، پہلے کہا گیا چھوڑوں گا نہیں، اب پلیزمجھ سے بات کرلو۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ جھوٹا بیانیہ گھڑتے اورعوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کرتے ہیں، آج آپ کہہ رہے ہیں نمائندہ مقرر کیا جائے، کبھی گریبان اور کبھی پاؤں پکڑ لیتے ہیں، آپ اس ملک کیلئے  سکیورٹی رسک ہیں، کبھی کہا جاتا ہے بانی نہیں توپاکستان نہیں، یہ فوج کوسیاست میں گھسیٹنا چاہتے ہیں، یہ ان کی ایک نئی سازش ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کو لا کر بسایا گیا، آج وہاں حالات خراب ہیں، دہشتگردوں کوآپ بسائیں، نو مئی حملے کر کے کہتے ہیں پلیزبات کرو، ان کو یہ بات قابل قبول نہیں کہ ادارہ نیوٹرل ہوگیا، معیشت کے بارے میں  اچھی خبریں آنا شروع ہو گئی ہیں۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ مجھ سے بات کرو یہ ان کا دہرا اور منافقانہ  معیار ہے، پولی گرافک ٹیسٹ سے انکار کیوں کیا جا رہا ہے، نو مئی کے پیچھے پلاننگ بانی پی ٹی آئی کی تھی، جس دن سے بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں تب سے معیشت بہتر ہو رہی ہے، سٹاک مارکیٹ بہتر اور ایکسپورٹ بڑھ رہی ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا   عدم استحکام فیکٹر بانی پی ٹی آئی ہیں، بانی پی ٹی آئی عدم استحکام کو فروغ دیتے ہیں، انہوں نے گالم گلوچ کی سیاست کو فروغ دیا، یہ تحریک طالبان پاکستان ٹی ٹی پی ٹی آئی ہے۔

عطا تارڑ نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی بگڑا ہوا بچہ، مشکل آئے تو رونا شروع کر دیتے ہیں، یہ بگڑا ہوا بچہ تھا جو کہتا تھا کسی کو نہیں چھوڑوں گا، پی ٹی آئی ملک دشمن ایجنڈے پر کاربند ہے، پی ٹی آئی دورمیں ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچایا گیا، یہ اینٹی کلائمکس ہےاس فلم کا کہ چھوڑوں گا نہیں اور اب مجھ سے بات کر لو۔ 

مزیدخبریں