بارشوں کے باعث حادثات ،13افراد جاں بحق :پی ڈی ایم اے

بارشوں کے باعث حادثات ،13افراد جاں بحق :پی ڈی ایم اے
کیپشن: Accidents due to rains, 13 people died: PDMA

ایک نیوز: پی ڈی ایم اے نے پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران جھکڑ /تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث جانی اور مالی نقصانات کی ابتدائی رپورٹ جاری کر دی۔
 حالیہ بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں پچھلے 24 گھنٹوں کے دوران13افراد جاں بحق جبکہ 6افراد زخمی ہوئے ہیں، رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 2 مرد 4 خواتین اور 7 بچے جبکہ زخمیوں میں 1مرد2خواتین اور3بچے شامل ہیں۔
  پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق تیر آندھی اور بارش کے باعث مجموعی طور پر16گھروں کو نقصان پہنچا جس میں15گھروں کو جزوی اور1گھر کو مکمل نقصان پہنچا ،تیز بارشوں کے باعث جانی و مالی حادثات صوبہ کے مختلف اضلاع کوہاٹ ، باجوڑ، چترال اپر و لوئر، دیر اپر، سوات اور صوابی میں رونما ہوئے۔
تیز بارشوں اور فلش فلڈ کے باعث چترال لوئر میں بونی اور گرم چشمہ روڈ جبکہ سوات میں کالام سے بحرین اور ناران سے بالاکوٹ روڈ ٹریفک کے لیے بندہے، ضلعی انتظامیہ اور امدادی ٹیمیں متاثرہ اضلاع میں امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہیں۔
پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ بند شاہراہوں کو کھولنے کے لیے چھوٹی بڑی مشینری موجود ہے، ٹریفک کے لئے متبادل راستوں کے لئے متعلقہ اداروں کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں، پی ڈی ایم اے کی جانب سے متاثرہ اضلاع کی ضلعی انتظامیہ کو متاثرین کو جلد مالی و امدادی معاونت فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔