چین کے نائب وزیراعظم 3روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے

Jul 30, 2023 | 19:50 PM

ایک نیوز :چین کے نائب وزیراعظم ہی لیفینگ تین روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے۔وزیر داخلہ رانا ثناء اللہ، وفاقی وزیر احسن اقبال اور طارق فاطمی نے استقبال کیا۔

ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرہ بلوچ کے مطابق چین کے نائب وزیراعظم ہی لائفنگ 3 روزہ دورے پر پاکستان پہنچے ہیں۔ چین کے نائب وزیراعظم سی پیک کی10سالہ تقریبات میں شرکت کریں گے۔

ترجمان دفترخارجہ کے مطابق سی پیک کی دسویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کیساتھ چینی نائب وزیراعظم، صدر عارف علوی اور اور وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

اعلامیے کے مطابق نائب چینی وزیراعظم نے سی پیک اور پاک چین اقتصادی تعلقات میں اہم کردار اداکیا، ہی لائفنگ سی پیک منصوبوں پرعمل درآمد میں بھی متحرک رہے، چینی نائب وزیراعظم کا دورہ اپک چین اعلی سطح کے رابطوں کاحصہ ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے چینی نائب وزیراعظم کے دورے کو دونوں ممالک کے درمیان اعلی سطح کے رابطوں کی اہم کڑی اور پاک چین دوستی کو مزید مضبوط بنانے کا عکاس قرار دیا ہے۔

دوسری جانب غیرملکی وفد کی پاکستان آمد کے باعث اسلام آباد میں 31 اور یکم اگست کوعام تعطیل کی سفارش کر دی گئی۔ ضلعی انتظامیہ نے دو چھٹیوں کی سمری وزرات داخلہ کو بھجوا دی۔

حکام کا کہنا ہے کہ معزز مہمانوں کی آمد پر اسلام آباد میں سیکیورٹی کے فول پروف غیرمعمولی انتظامات کئے جائیں گے، وزرات داخلہ کی منظوری کے بعد چھٹیوں کا نوٹیفکیشن جاری ہو گا۔ سرکاری دفاتر یوم عاشور کی دو چھٹیوں کی وجہ سے جمعہ کے روز سے بند ہیں۔ پیر اور منگل کی چھٹیوں کی صورت میں تعطیلات 5 یو جائیں گی۔

مزیدخبریں