ایک نیوز :وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری آج متحدہ عرب امارات کا سرکاری دورہ کریں گے جہاں دوطرفہ تعلقات پر حکام سے تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق اپنے دورہ کے دوران وزیر خارجہ متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زید آل نہیان سے ملاقات کریں گے۔
بیان میں کہا گیا کہ وزیرخارجہ ملاقات کے دوران دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں پر تبادلہ خیال کریں گے۔
ترجمان نے کہا کہ وزیر خارجہ اس موقع پر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید کے بھائی شیخ سعید بن زاید کے انتقال پر متحدہ عرب امارات کی قیادت سے تعزیت بھی کریں گے۔
دبئی میں وزیر خارجہ مادام تساؤ میں پہلی پاکستانی شخصیت سابق وزیر اعظم محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے مومی مجسمے کی نقاب کشائی کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
مزید کہا گیا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کا آئندہ دورہ متحدہ عرب امارات کے ساتھ پاکستان کے گہرے تعلقات اور دونوں برادر ممالک کے درمیان باہمی فائدہ مند تعاون کی عکاسی کرتا ہے۔
ترجمان وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ دونوں ممالک برادرانہ تعلقات کو مستحکم کرنے اور باہمی طور پر فائدہ مند اقتصادی شراکت داری مزید گہرا کرنے کے لیے پرعزم ہیں۔