لاہور ایئرپورٹ کا مرکزی رن وے اپ گریڈیشن کے بعد کھول دیا گیا

لاہور ایئرپورٹ،مرکزی رن وے ،اپ گریڈیشن ،کھول
کیپشن: علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ، فائل فوٹو

ایک نیوز نیوز: (نبیل ملک) علامہ اقبال انٹرنیشنل ائرپورٹ کے مرکزی رن وے اپ گریڈیشن کی افتتاحی تقریب میں وفاقی وزیر برائے شہری ہوابازی خواجہ سعد رفیق نے شرکت کی۔ 

اس موقع پر سیکرٹری سول ایوی ایشن شوکت علی، ڈائریکٹر جنرل سول ایوی ایشن خاقان مرتضی،  ڈی جی اے ایس ایف میجر جنرل عابد لطیف سمیت پی آئی اے و سول ایوی ایشن افسران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ ڈائریکٹر جنرل  سول ایوی ایشن خاقان مرتضٰی اور ایم ڈی نیسپاک نے مذکورہ رن وے اپ گریڈیشن کے حوالے سے وفاقی وزیر کومکمل بریفنگ دی۔ 

اس موقع پر شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے سعد رفیق کا کہنا تھا کہ ادارے ایک دوسرے کے ساتھ ملکر کام کریں تاکہ ہم آہنگی پیدا ہوسکے۔ پی آئی اے میں بہتری کی بہت گنجائش ہے۔  جو کام نہیں کرے گا، اس کی ادارے میں کوئی جگہ نہیں۔ ادارے کو آئندہ 5 سال محنت کرنا ہوگی، تب ہی پیروں پر کھڑا ہوسکے گا۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ پی آئی اے کے طیاروں کی تزئین وآرائش کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں پانچ ایئربسز کی سیٹیں تبدیل کی جارہی ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال سے گراؤنڈ کیا گیا بوئنگ 777 طیارہ بھی فنکشنل کیا جارہا ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل روٹس کو کھلوانے کی پوری کوشش کی جارہی ہے۔ اس کے ساتھ صرف لاہور ایئرپورٹ پر آئندہ 5 سال میں 5 ارب کی خطیر سرمایہ کاری لائی جائے گی۔ 

انہوں نے اعلان کیا کہ پی آئی اے کی فلیٹ میں مزید 4 نئے جہاز تیار کیے جارہے ہیں۔ اس کے علاوہ ایئرپورٹ کے رن وے کی اپ گریڈیشن سے بھی سول ایوی ایشن کو مدد ملے گی۔ تقریب کے اختتام پر وفاقی وزیر کو سیکرٹری سول ایوی ایشن اور ڈی جی سول ایوی ایشن نے یادگاری شیلڈ پیش کی۔