نجیب نائچ : رئیل اسٹیٹ پر ٹیکسوں کے نفاذ کیخلاف ریئل اسٹیٹ ایجنٹس سڑکوں پر آگئے، ظالمانہ فیصلہ واپس نہ ہوا تو ملک گیر احتجاج ہوگا۔
رپورٹ کے مطابق محمد زبیر صدر ڈیفینس کلفٹن رئیل اسٹیٹ ایجنٹس نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ کیپٹل گین ٹیکس کی لامحدود مدت میں اضافے کا فیصلہ فورا واپس لیا جائے۔خالی پلاٹ پر فرضی کرائے کی آمدنی( ڈیمڈ رینٹل اِنکم) پر ٹیکس کے نفاذ کا فیصلہ سراسر زیادتی اور ناانصافی ہے۔
ٹیکسوں کے نفاذ کیخلاف ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کے احتجاجی دھرنا سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھاکہ بے جا ٹیکسوں کے نفاذ سے لاکھوں افراد بے روزگار ہوگئے ہیں۔پلاٹ کے ٹرانسفر کے اخراجات جو ڈبل کردیئے گئے ہیں۔خریدار مارکیٹ سے غائب ہوگیا ہے۔ گرتی مارکیٹ میں اوورسیز پاکستانی رئیل اسٹیٹ میں ایک ڈالر بھی انویسٹ کرنے کو تیار نہیں۔
محمد زبیر کا مزید کہنا تھا کہ معیشت زبوں حالی کا شکار ہے لہذا ظالمانہ اضافہ واپس لیا جائے۔ پورے پاکستان کی رئیل اسٹیٹ برادری سراپا احتجاج ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ احتجاج آغاز ہے اس تحریک کا جو پورے پاکستان میں پھیلنے جارہی ہے۔رئیل اسٹیٹ سے وابستہ لاکھوں افراد کاروبار نا ہونے سے سڑکوں پر آنے پر مجبور نہ کیا جائے۔