عمرجاوید:وزیراعظم شہبازشریف بلوچستان میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کےدورے پر روانہ ہوگئے۔بلوچستان روانگی موسم کی شدید خرابی کے سبب موخر ہوئی تھی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف بلوچستان کیلئے روانہ ہوگئے ہیں،وفاقی وزرا اور اعلی حکام بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہیں جہاں وزیراعظم جھل مگسی کا دورہ کریں گے،سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لیں گے،متاثرین کے ریسکیو، ریلیف اور بحالی کے اقدامات کا معائینہ کریں گے۔
اس سے قبل ازیں وزیراعظم کی روانگی موسم کی خرابی کی وجہ سے مؤخر ہو گئی تھی،موسم میں بہتری ہوتے ہی وزیراعظم بلوچستان روانہ ہوگئے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے دو روز قبل سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو، ریلیف اور بحالی سے متلعق اقدامات کے لئے تفصیلی اجلاس منعقد کیا تھا،اجلاس کو متاثرین میں تقسیم کی جانے والی مالی امداد کے حوالے سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا تھا،وزیرِ اعظم کی ہدایت پر بارشوں اور سیلاب سے جاں بحق ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کیلئے 10 لاکھ کی امداد فراہم کی جارہی ہے۔
وزیرِ اعظم نے زخمیوں کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں میں کچے اور پکے متاثرہ گھروں کی امداد کو یکساں کرنے اور بڑھانے کی ہدایات جاری کی تھیں۔اسکے ساتھ ساتھ جزوی طور پر متاثرہ مکانات کی امداد 25 ہزار سے بڑھا کر اڑھائی لاکھ اور مکمل طور پر متاثرہ گھروں کیلئے امداد 50 ہزار سے بڑھا کر 5 لاکھ کرنے کی بھی ہدایات جاری کیں۔
وزیراعظم نے وزرا کی خصوصی کمیٹی تشکیل دی تھی تاکہ ریسکیو، ریلیف اور موثر نگرانی یقینی ہوسکے۔موسم بہتر ہوتے ہی وزیراعظم متاثرہ علاقوں کا دورہ کریں گیں۔