ایک نیوز نیوز: ملک کے مختلف علاقوں میں مون سون بارشوں کے طوفانی اسپیل نے تباہی مچا دی، دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے سے ملتان، اوچشریف اور جھنگ کے متعدد دیہات زیر آب آگئے، راجن پور میں کوہ سلیمان کے سیلابی ریلوں سے ہزاروں ایکڑ اراضی زیر آب آ گئی۔
تفصیلات کے مطابق مسلسل طوفانی بارشوں سے دریائے چناب میں پانی کی سطح بلند ہونے پر ملتان میں قاسم بیلہ کی متعدد بستیاں زیر آب آگئیں، سیکڑوں ایکڑ پر فصلوں اور آم کے باغات کو بھی شدید نقصان پہنچا ہے، اوچ شریف میں بھی دریائے چناب میں پانی کی سطح میں اضافہ ہونے سے ہزاروں افراد متاثر ہوئے ہیں، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو اہلکار لوگوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کررہے ہیں۔
ادھر راجن پور میں حالیہ طوفانی بارشوں سے بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، 75 سے زائد مواضعات متاثر ہوئے ،ایک ہزار سے زائد گھروں کو نقصان پہنچا، 27 ہزار ایکڑ پر کاشت کی گئی فصلیں بھی تباہ ہوگئیں۔