ویب ڈیسک :ملک کے مختلف علاقوں میں موسم سرما کی پہلی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کے باعث خشک سردی کا خاتمہ ہوگیا ۔
تفصیلات کےمطابق اسلام آباد اور راولپنڈی میں ہلکی بارش سے موسم مزید سرد ہو گیاجبکہ لاہور میں بھی وقفے وقفے سے بوندا باندی جاری ہے ۔ صوبائی وزیر ہاؤسنگ سید اظفر علی ناصر اور کمشنر لاہور محمد علی رندھاوا کی ہدایات پر ایم ڈی واسا غفران احمد نے واسا لاہور کو متحرک رہنے کی ہدایات کر تے ہوئے کہا کہ تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں، تمام ڈسپوزل اسٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھنے کی ہدایات بھی کی گئیں ۔ ایم ڈی واسا نے ہدایت کی کہ تمام جنریٹرز کو اسٹینڈ بائی اور فعال رکھا جائے ۔
ادھر کوئٹہ سمیت بلوچستان کے متعدد علاقوں میں بھی بارش ہوئی ، خیبرپختونخوا کے بعض اضلاع میں بھی بادل برسے، لوئر دیر، غذر اور جنوبی وزیرستان میں برفباری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا۔
دوسری جانب طویل انتظار کے بعد ملکہ کوہسار مری میں بھی برفباری سے منظر حسین ہو گیا۔جبکہ آزاد کشمیر اور گردونواح میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے ، سوات، کالام، مالم جبہ، وادی نیلم میں اٹھ مقام اور گردونواح میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری ہے ۔
دریں اثنا کراچی کے مختلف علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے، جس سے موسم خوشگوار ہوگیا۔کراچی کے مختلف علاقوں گرومندر، صدر، ٹاور، گارڈن اور ملحقہ علاقوں میں بونداباندی جاری ہے، اورنگی ٹاؤن، ساٹ ایریا اور بلدیہ میں بھی ہلکی بارش کا سلسلہ جاری ہے۔
گلشن اقبال، گلستان جوہر، سپرہائی وے، شارع فیصل، ڈیفنس اور کلفٹن میں بھی ہلکی بارش جاری ہے جبکہ ناظم آباد، نارتھ ناظم آباد، نیوکراچی اور نارتھ کراچی میں بونداباندی جاری ہے۔اس سے قبل کراچی کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے بھی ہونے والی ہلکی بارش سے سردی بڑھ گئی تھی۔
جبکہ ترجمان محکمہ موسمیات نے کہا کہ مغربی ہواوں کا سلسلہ ملک پر اثر انداز ہو رہا ہے جو 4 فروری تک برقرار رہے گا۔ 31 جنوری سے 4 فروری تک خیبر پختونخوا کے کے مختلف اضلاع میں بارش اور برفباری متوقع ہے ۔ 31 جنوری سے 4 فروری تک اسلام آباد خطہ پوٹھوہار مری اور گلیات میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے ۔2 سے 3 فروری تک موسلا دھار بارش کے باعث بلوچستان کے ندی نالوں میں تغیانی کا خدشہ ہے ۔ 31 جنوری سے یکم فروری کے دوران کاغان سوات کوہستان سکردو ایبٹ آباد اور وادی نیلم میں شدید بارش اور برفباری سے رابطہ سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ہے ۔ بارش اور برفباری کے دوران محمکہ موسمیات کی سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت ،بارش پنجاب اور خیبر پختونخوا کے بارانی علاقوں میں فصلوں کے لیے فایدہ مند ثابت ہو گی ۔