مچھ: کالعدم بی ایل اے کے 3 منظم حملے ناکام، 2 دہشتگرد جہنم واصل

Jan 30, 2024 | 09:05 AM

ویب ڈیسک: بلوچستان کے علاقے مچھ میں کالعدم بی ایل اے کے دہشت گردوں کا حملہ سیکیورٹی فورسز نے پسپا کردیا، نگراں وزیر اطلاعات بلوچستان کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں نے تین منظم حملے کیے۔

ذرائع کے مطابق سیکیورٹی فورسزکو دہشت گردوں کے حملے کی اطلاعات مل گئی تھیں اور انہوں نے دہشت گردوں کیلئے گھات لگا رکھی تھی۔

سیکیورٹی فورسز شرپسندوں کے خلاف علاقے میں سرچ آپریشن شروع کر چکی ہیں۔

سیکورٹی فورسز نے بھاگتے دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن شروع کیا ہوا ہے۔

ذرائع کے مطابق حملہ آوروں نے جیل کے مرکزی دروازے اور باؤنڈری وال پر راکٹ داغے۔

حملے میں پولیس اہلکار سمیت دو افراد جاں بحق اور ایک بچے سمیت 4 افراد زخمی ہوئے، جبکہ سیکیورٹی فورسز کی جوابی کارروائی میں دو دہشت گرد مارے گئے۔

پہاڑوں میں چھپے دہشتگردوں کو صبح تک ختم کر دیا جائے گا، جان اچکزئی

جان اچکزئی کا کہنا ہے کہ ضلع بولان کے علاقے مچھ میں سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے تین کوآرڈینیٹڈ حملوں کو ناکام بنایا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ”ایکس“ پر جاری ایک بیان میں جان اچکزئی نے کہا کہ یہ حملے اسلم اچھو گروپ سے منسلک دہشتگردوں نے کیے، تاہم ان میں سکیورٹی فورسز کو کوئی جانی نقصان نہیں ہوا اور نہ ہی تنصیبات کو کوئی نقصان پہنچا۔

انہوں نے لکھا کہ ’دہشتگرد واپس جا چکے ہیں اور ہماری سکیورٹی فورسز متحرک ہیں۔ ہمیں امید ہے کہ اس خطرے سے صبح تک نمٹ لیا جائے گا۔‘

نگراں وزیرِ اطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے کہا ہے کہ دہشت گردوں نے پہاڑوں سے راکٹ داغے ہیں، دہشت گردوں کے ہینڈلر بیرون ملک بیٹھے ہیں۔

مزیدخبریں