کرپشن الزامات:بھارتی سیاستدان لالو پرساد سے 10 گھنٹے تحقیقات

Jan 30, 2024 | 00:31 AM

ویب ڈیسک :بھارت میں سابق وزیر اعلیٰ لالو پرساد سے کرپشن الزامات پر مرکزی ایجنسی انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے 10 گھنٹے تک تحقیقات کیں۔

تفصیلات کےمطابق لالو پرساد یادو سے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے پیر کے روز ایجنسی کے پٹنہ دفتر میں پوچھ گچھ کی۔بہار کے سابق وزیر اعلیٰ صبح تقریبا 11 بجے مرکزی ایجنسی کے دفتر پہنچے اور تقریبا 10 گھنٹوں کے بعد تحقیقات ختم ہوئیں۔

لالو پرساد اور ان کی بیٹی میسا بھارتی، ایجنسی کے دفتر گئے اور راشٹریہ جنتا دل کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد بھی مرکزی ایجنسی کے دفتر کے باہر جمع ہوگئی۔پارٹی کارکنوں نے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے باہر احتجاج کیا اور مرکزی حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

 یاد رہے کہ لالو پرساد سے کرپشن کے معاملے کی تحقیقات کیلئے دہلی سے ای ڈی عہدیداروں کی ایک ٹیم اتوار کی شام پٹنہ پہنچی تھی۔ مرکزی جانچ ایجنسی نے لالو یادو اور ان کے بیٹے تیجسوی یادو کو 19 جنوری کو ایک نیا سمن جاری کیا تھا اور ای ڈی نے پٹنہ میں لالو یادو کی بیوی اور بہار کی سابق وزیر اعلی رابڑی دیوی کی رہائش گاہ پر نوٹس دیا تھا۔ سمن میں آر جے ڈی کے دونوں رہنماؤں کو 29 اور 30 جنوری کو اس کے سامنے پیش ہونے کے لئے کہا گیا تھا۔

مزیدخبریں