لاہورہائیکورٹ نے لال حویلی سے متعلق درخواست نمٹادی

ہائیکورٹ نے لال حویلی سے متعلق درخواست نمٹادی
کیپشن: The High Court disposed of the petition related to Lal Haveli

 ایک نیوز :لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس مرزا وقاص رؤف نے لال حویلی سے متعلق  درخواست نمٹا دی۔

ایڈمنسٹریٹر وقف املاک نے فاضل عدالت کو بتایا لال حویلی کو سیل نہیں کیا گیا اسے متصل پراپرٹی کو سیل کردیا گیا ہے۔

عدالت نے لال حویلی میں سیل کئے جانے والے سات یونِٹس کو ڈی سیل کرنے کی استدعا  خارج کردی۔ 

عدالت نے متروکہ وقف املاک کو پندرہ دن میں معاملہ نمٹانے کی ہدایت کردی۔ متروکہ وقف املاک کو شیخ رشید کی دائر کردہ اپیل پر سماعت کیلئے پندرہ دن دیئے۔

واضح موقف پیش نہ کرنے پر عدالت نے ایڈمنسٹریٹر وقف املاک کی سرزنش کی۔

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید کا کہنا تھا کہ  کہا کہ عدالت نے ہدایت کی ہے کہ لال حویلی آنے جانے والوں کے راستے میں رکاوٹ نہیں ڈالی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ متروکہ وقف املاک کا ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ کے اشاروں پر چل رہا ہے۔

سابق وفاقی وزیر نے یہ بھی کہا کہ لال حویلی کی رجسٹری جعلی ہے تو انہیں نا اہل کردیں۔

 ڈپٹی ایڈمنسٹریٹر وقف املاک کا کہنا ہے کہ شیخ رشید اور ان کے بھائی لال حویلی سمیت وقف املاک کی 7 اراضی یونٹس پر غیر قانونی قابض ہیں۔لال حویلی کے اندر رہائشی حصے کو سیل نہیں کیا گیا، گراؤنڈ فلور پر 4 دکانیں سیل کی گئی ہیں۔