ایک نیوز: ٹک ٹاک نے خاموشی سے ایک اہم فیچر متعارف کرایا ہے جس سے صارفین کو غیر ضروری پیغامات سے بچنے میں مدد مل سکے گی۔
تفصیلات کے مطابق ٹک ٹاک کی جانب سے ایپ کے ڈائریکٹ میسجنگ کی سیٹنگز کے حوالے سے نیا فیچر متعارف کرایا گیا ہے جس سے صارفین ان افراد کا انتخاب کرسکیں گے جن کے میسجز وہ دیکھنا چاہتے ہیں۔اب ٹک ٹاک کے ڈائریکٹ میسجز میں ایوری ون (everyone)، سجیسٹڈ فرینڈز، mutual فرینڈز اور نو ون (no one) جیسے آپشنز دیے گئے ہیں۔
اس سے قبل ٹک ٹاک میں فرینڈز یا ریکومینٹڈ اکاؤنٹس آپ کو میسجز بھیج سکتے تھے۔
کمپنی کے مطابق اگر کوئی صارف ایوری ون آپشن کا انتخاب کرے گا تو اس کا مطلب ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم استعمال کرنے والا ہر فرد آپ کو ڈائریکٹ میسج بھیج سکے گا۔
البتہ جن افراد کو آپ فالو نہیں کررہے ہوں گے ان کے پیغامات میسجز ریکوئسٹس فولڈر میں شو ہوں گے۔
اگر صارف کی جانب سے سجیسٹڈ فرینڈز آپشن کا انتخاب کیا جائے گا تو اس کا مطلب ہے کہ فیس بک یا فون کانٹیکٹس سے ریکومینڈ کیے گئے افراد ڈائریکٹ میسجز بھیج سکیں گے۔
mutual فرینڈز کے آپشن کا مطلب یہ ہے کہ ایک دوسرے کو فالو کرنے والے افراد ڈائریکٹ میسجز بھیج سکیں گے۔
اگر آپ نو ون کے آپشن کا انتخاب کرتے ہیں تو پھر کوئی بھی ڈائریکٹ میسج نہیں بھیج سکے گا۔
البتہ آپ کے پاس ان باکس میں میسج ہسٹری تک رسائی موجود رہے گی مگر کسی کی جانب سے نئے ڈائریکٹ میسجز موصول نہیں ہوسکیں گے۔
فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ
اس فیچر کو استعمال کرنے کے لیے ٹک ٹاک اوپن کرکے ہوم اسکرین پر نیچے پروفائل آئیکون پر کلک کریں۔
اس کے بعد اوپر مینیو بٹن پر کلک کرکے سیٹنگز اینڈ پرائیویسی میں جائیں اور پھر پرائیویسی کے آپشن کا انتخاب کریں۔
وہاں آپ نیچے ڈائریکٹ میسجز کے آپشن پر کلک کرکے اس نئے فیچر کو استعمال کرسکتے ہیں۔
اس نئے فیچر کے ذریعے ٹک ٹاک کی جانب سے سوشل فیچرز کو توسیع دی جارہی ہے تاکہ انسٹاگرام کو اس شعبے میں بھی ٹکر دی جاسکے جبکہ صارفین کو زیادہ وقت تک ایپ میں رکھنا ممکن ہوجائے۔