ایک نیوز : پانچ دنوں میں شاہ رخ خان اور دیپیکا کی فلم پٹھان نے 500 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کر کے ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بالی ووڈ کی بات کی جائے تو پٹھان فلم نے ہر روز کمائی کا ایک نیا ریکارڈ قائم کیا ہے اور سوشل میڈیا پر اس کے متعلق ٹرینڈز گذشتہ پانچ دنوں سے ناصرف بھارت بلکہ دیگر ممالک میں بھی چل رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا کے مطابق پٹھان فلم نے 25 جنوری کو اپنے ریلیز کے پہلے ہی دن صرف انڈیا میں 57 کروڑ کا بزنس کیا تھا جبکہ دنیا بھر میں مجموعی طور پہلے دن کا بزنس 106 کروڑ ریکارڈ کیا گیا تھا۔ یہ کسی بھی بھارتی فلم کا پہلے ہی دن کمائی کا سب سے بڑا ریکارڈ ہے۔ فلم کی ریلیز کے دوسرے دن بھارت میں یوم جمہوریہ کی مناسبت سے عام تعطیل کا دن تھا لیکن اس دن بھی فلم نے صرف انڈیا میں 70 کروڑ کی کمائی کی جبکہ دوسرے روز کی مجموعی کمائی بھی 100 کروڑ روپے سے زیادہ رہی۔
’بالی وڈ ہنگامہ‘ ویب سائٹ کے مطابق پٹھان نے پانچ دنوں میں انڈیا سے 340 کروڑ جبکہ باقی دنیا سے 195 کروڑ روپے کمائے ہیں جس کے بعد پانچ دنوں کی مجموعی کمائی 535 کروڑ بنتی ہے۔
واضع رہے کہ فلم پٹھان میں شاہ رخ خان نے ایک سابق را کے ایجنٹ کا کردار نبھایا ہے جبکہ اداکارہ دیپکا پاڈوکون نے سابق آئی ایس آئی ایجنٹ کا کردار ادا کیا ہے۔اس فلم کے دیگر پہلوؤں پر بات ہو رہی وہیں انڈیا میں آئی ایس آئی بھی ٹاپ ٹرینڈز بن گیاہے اور بیشتر انڈین صارفین یہ شکایت کر رہے ہیں پٹھان میں پاکستانی انٹلیجنس سروس آئی ایس آئی کی ایجنٹ کو ’اچھے روپ‘ میں کیوں پیش کیا گیا ہے؟