لال حویلی: ایف آئی اے نے احاطے میں قدم رکھا تو اینٹ سے اینٹ بجادیں گے، شیخ رشید

Jan 30, 2023 | 11:24 AM

ایک نیوز: لال حویلی سیل کرنے کے معاملے میں عوامی مسلم لیگ کے کارکنان کی بڑی تعداد لال حویلی پہنچ گئی۔ کارکنان نے شیخ رشید کے حق میں نعرے بازی کی۔ شیخ رشید نے اپنے بیان میں کہا کہ ایف آئی اے نے احاطے میں قدم رکھا تو قانونی طریقے سے اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔

سابق وزیر داخلہ شیخ رشید کا میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہنا تھا کہ لال حویلی کی ایک تاریخ ہے یہ ایوب خان اور یحیٰی خان کے خلاف بھی تھی۔ لال حویلی موجودہ حکومت کے خلاف بھی ہے۔ 

انہوں نے کہا کہ لال حویلی کی سیکیورٹی پہلے ہی واپس لے لی گئی ہے۔ رینجرز اور ایف سی کے انکار کے بعد یہ ایف آئی اے کو لے آئے۔ پہلے انہوں نے ساری فورسز اکٹھی کی۔ انہوں نے پہلے میری گرفتاری کا پلان بنایا تھا۔ مجھے انہوں نے فون کیا ساڑھے تین مرلے پر آپ غیر قانونی قابض ہیں۔ میں ان کو کہتا ہوں آؤ لال حویلی گراؤ میں مری روڑ بلاک کردوں گا۔

شیخ رشید نے مزید کہا کہ مہیش بھٹ یہاں آیا اس نے کہا دُھنراج پر فلم بنانا چاہتا ہے۔ میں نے مہیش بھٹ کو انکار کیا کہ انڈین یہاں فلم نہیں بنا سکتے۔

انہوں نے چیلنج کرتے ہوئے کہا کہ دن کے اجالے میں لال حویلی آؤ اور اسے سیل کرکے دکھاؤ۔ ایف آئی اے نے لال حویلی کے احاطے میں قدم رکھا تو قانونی طریقے سے اینٹ سے اینٹ بجادیں گے۔

انہوں نے واضح کیا کہ لال حویلی میں بیس لوگ اور رہ رہے ہیں۔ یہ سراسر غلط ہے کہ ساری لال حویلی ہمارے پاس ہے۔ 

انہوں ںے اعلان کیا کہ عمران خان میرے حلقے میں بھی الیکشن لڑیں گے اور ہم کورنگ کنڈیڈیٹ ہوں گے۔ میری لال حویلی کی رجسٹری جعلی ہے تو مجھے نا اہل کردیں۔ حکومت تین مرلے پر اپنا منہ کالا کررہی ہے۔ اصل تکلیف ان کو میرا عمران خان کے ساتھ کھڑے ہونے کا ہے۔

مزیدخبریں