ایک نیوز: موٹروے پر تیزرفتاری کے باعث ایک اور مسافر بس حادثے کو شکار ہوگئی۔ جس کے نتیجہ میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان موٹروے پولیس نے بیان جاری کیا ہے کہ ایم 2 پر کلرکہار کے نزدیک ڈرائیور تیز رفتاری کے باعث مسافر بس پر قابو نہ رکھ سکا۔ جس کی وجہ سے بس الٹ گئی۔ حادثے کے نتیجہ میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔ جبکہ 15 افراد شدید زخمی ہوئے ہیں۔
ترجمان نے بتایا ہے کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہیں ریسکیو ٹیمیں روانہ کی گئیں اور زخمیوں کو چکوال کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال (ڈی ایچ کیو) منتقل کردیا گیا۔
قبل ازیں ایک دوسرا ٹریفک حادثہ بھکر میں پیش آیا۔جہاں تیز رفتار بس سامنے آنے والی کار پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد موقع پر دم توڑ گئے۔تفصیلات کے مطابق حادثہ بھکر کے ایم ایم روڈ چاندنی چوک کے قریب پیش آیا، راولپنڈی سے کوئٹہ جانے والی تیز رفتار مسافر بس اوور ٹیک کے دوران سامنے آنے والی کار پر چڑھ گئی۔
حادثے کے نتیجے میں کار میں سوار 4 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ بس ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا ، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے کار کو کاٹ کر جاں بحق افراد کی لاشیں نکا لیں۔