ایک نیوز : ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے لسبیلہ حادثے کی وجہ بتادی ، ان کا کہناتھا کہ بس میں ہزاروں لیٹر ایرانی ڈیزل اسمگل کیا جارہا تھاجو حادثے کی بنیادی وجہ بنا۔
تفصیلات کےمطابق ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی نے کہا کہ حادثات ہر سال ہوتے ہیں لیکن حفاظتی اقدامات نہیں کیے جاتے، حکومت کو ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے عملی اقدامات کرنے ہوں گے۔
واضح رہے کہ لسبیلہ کے علاقے بیلہ میں چینکی اسٹاپ کے قریب مسافر کوچ کھائی میں گرنے سے 42 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق کھائی میں گرنے کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی۔ مسافر کوچ کوئٹہ سے کراچی کی طرف جا رہی تھی۔ اسسٹنٹ کمشنر بیلہ کے مطابق کوچ میں 44 مسافر سوار تھے ، زخمیوں کو بھی ابتدائی طبی امداد دے کر مزید علاج کے لیے کراچی منتقل کردیا گیا ۔
اسسٹنٹ کمشنرنے کہاکہ حادثے کا شکار بس سے نکالی جانے والی زیادہ تر لاشیں ناقابل شناخت ہیں، لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کرایا جائےگا۔
چند روز قبل بھی بلوچستان میں ٹریفک حادثہ میں 6 مسافر موقع پر جاں بحق ہو گئے تھے اور اس وقت متعدد زخمی مسافروں کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔