ویب ڈیسک: آسٹریلیا نے چوتھے ٹیسٹ میچ میں بھارت کو 184 رنز سے پچھاڑ دیا۔
میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم 340 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 155 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
ہدف کے تعاقب میں بھارت کے صرف 2 بلے باز ہی ڈبل فگر میں داخل ہو سکے، یشوی جیسوال 84 اور رشبھ پنت 30 رنز بنا کر نمایاں رہے، آسٹریلیا کی جانب سے کپتان پیٹ کمنز اور اسکاٹ بولینڈ نے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
چوتھے ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں میزبان ٹیم نے 474 رنز بنائے تھے جبکہ بھارتی ٹیم 369 رنز بنا کر آل آؤٹ ہو گئی تھی یوں پہلی اننگز میں آسٹریلیا نے 105 رنز کی برتری حاصل کر لی تھی۔
آسٹریلیا کی ٹیم دوسری اننگز میں 234 رنز بنا سکی تھی اور بھارت کو جیت کیلئے 340 رنز کا ہدف دیا تھا۔
واضح رہے کہ آسٹریلیا اور بھارت کے درمیان 5 ٹیسٹ میچز کی سیریز میں آسٹریلیا نے 2 اور بھارت نے ایک میچ جیتا ہے جبکہ ایک میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔